سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے ایون فیلڈ ریفرنس میں پارٹی قائد محمد نواز شریف کی بریت پر اظہار تشکر کیا۔
تفصیلات کے مطابق شہباز شریف نے ایون فیلڈ ریفرنس میں نواز شریف کی بریت پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے جس نے یہ دن دکھایا، میرے قائد، بڑے بھائی، پارٹی اور خاندان کو سرخرو فرمایا۔
شہباز شریف نے کہا کہ بے گناہ محمد نواز شریف نے معاملہ اللہ تعالیٰ پر چھوڑا تھا، اللہ تعالیٰ نے نوازشریف کو ہر الزام سے بری کیا، الحمدللہ
انہوں نے کہا کہ قید خانے، زنداں، بے بنیاد مقدمات، چادر اور چار دیواری کی پامالی، کردار کشی سمیت اذیت کا ہر حربہ اختیار کیاگیا لیکن اللہ تعالیٰ نے سچائی واضح کر دی، الحمدللہ۔
ان کا کہنا تھا کہ اپنے قائد محمد نواز شریف کو دل کی گہرائیوں سے مبارک پیش کرتا ہوں، قوم کو قائد محمد نواز شریف کی بریت مبارک ہو۔
شہباز شریف نے کہا کہ بیٹی مریم نواز شریف کو مبارک دیتا ہوں جس نے ہمت، صبر اور بے مثال جرات و بہادری سے حالات کے جبر کا مقابلہ کیا، پارٹی قائدین اور کارکنوں کو مبارک دیتا ہوں جنہیں ہمیشہ اپنے قائد کی بے گناہی کا یقین تھا، پارٹی قائدین اور کارکنوں نے جس بہادری سے اپنے قائد کا ساتھ دیا، اس پر انہیں سلام پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ اپنے بہادر قائد کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے زندگی کے تلخ ترین لمحوں میں بھی کبھی ہمت نہیں ہاری، قائد نواز شریف کے اللہ تعالیٰ پر کامل بھروسے اور ثابت قدمی سے سیاسی انتقام لینے والوں کے پاؤں اکھڑ گئے، عدلیہ کا شکریہ جس نے انصاف دیا۔
یاد رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں سابق وزیراعظم نوازشریف کی العزیزیہ اور ایون فیلڈ ریفرنسز میں اپیلوں اور نیب کی جانب سے العزیزیہ ریفرنس میں نوازشریف کی سزا بڑھانے اورفلیگ شپ ریفرنس میں نوازشریف کی بریت کے خلاف اپیل پر سماعت ہوئی۔
نیب نے فلیگ شپ ریفرنس میں نوازشریف کی بریت کے خلاف اپیل واپس لے لی جس کے بعد اسلام آباد ہائی کورٹ نے نوازشریف کو ایون فیلڈ ریفرنس میں بری کردیا۔
