پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ آپ بزرگ ہو کر بھی ملک میں نئی سیاست شروع کرسکتے ہیں۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بلوچستان ہائی کورٹ بار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 8 فروری کو ملک میں الیکشن ہونے جارہے ہیں، جانتا ہوں پاکستان کے الیکشن کیسے ہوتے ہیں، پاکستان کی قسمت 2 لوگوں کے حوالے نہ کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ بتایا جارہا ہے ایک شخص چوتھی بار وزیر اعظم بن کر ملک کی خدمت کرے گا، تقسیم کی سیاست کرنے والوں کو دوبارہ موقع نہ دیں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ عوام کو معیشت، معاشرت اور سیاست میں حصہ دار بنانا ہوگا، صوبے کے وسائل پر پہلا حق وہاں کے لوگوں کا ہے۔
انکا کہنا تھا کہ کچھ لوگ سمجھتے ہیں کہ عوام کے لیے فیصلہ کرلیا ہے، وقت آگیا ہے پاکستان کے مستقبل کے فیصلےعوام کو کرنے دیں۔
چیئرمین پی پی نے کہا کہ مسلم امہ کی پہلی خاتون وزیراعظم کو شہید کیا گیا، قائد عوام میرے نانا تھے جنہیں پھانسی پر چڑھا دیا گیا۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سی پیک کی بنیاد آصف زرداری نے رکھی تھی، سی پیک منصوبے پر آصف زرداری کی سوچ کے مطابق کام نہیں ہو رہا۔
انہوں نے کہا کہ موقع ملا تو بلوچستان کے لوگوں کی خدمت کریں گے، بلوچستان کے لوگوں کے دکھ اور تکلیف کا احساس ہے، پیپلزپارٹی بلوچستان کے لوگوں کی خدمت کرے گی۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے مزید کہا کہ ہم نے تھر کے مقامی لوگوں کو روزگار دلوایا، تھرکی عورتیں تھرکول پروجیکٹ کی ڈرائیور بن چکی ہیں، ہمیں موقع ملا تو تھرکے ماڈل کو بلوچستان میں لائیں گے۔
