Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

وزارت خزانہ نے ایس ایم ایز کیلئے پاکستان کی پہلی کریڈٹ گارنٹی کمپنی متعارف کرادی

اسلام آباد: وزارت خزانہ اور کار انداز نے ایس ایم ایز کے لیے پاکستان کی پہلی خصوصی کریڈٹ گارنٹی کمپنی متعارف کرادی ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزارت خزانہ اور کارانداز پاکستان کے درمیان نیشنل کریڈٹ گارنٹی کمپنی لمیٹڈ (این سی جی سی ایل) کے قیام کی شراکت داری ہوئی۔

تقریب میں بتایا گیا کہ این سی جی سی ایل پاکستان میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کی فنانسنگ میں مدد دے گی، این سی جی سی ایل فنانس تک رسائی بڑھانے کے لیے خصوصی کریڈٹ گارنٹی کی سہولت دے گی، اس انقلابی اقدام کا مقصد چھوٹے کاروباروں کے لیے سرمایہ کاری کی راہ ہموار کرنا ہے۔

اس موقع پر وزارت خزانہ، محصولات و اقتصادی امور کی وفاقی وزیر ڈاکٹر شمشاد اختر نےتقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کا مجموعی پرائیویٹ کریڈٹ 5.2 فیصد ہے۔

شمشاد اختر نے کہا کہ این سی جی سی ایل پاکستان کے 15 لاکھ سے زائد ایس ایم ایز اور 3.7ٹریلین روپے سے زائد مارکیٹ حجم کے لیے پراڈکٹس تیار کرے گی، این سی جی سی ایل مالیاتی اداروں کیساتھ مل کرمارکیٹ میں کریڈٹ کی دستیابی یقینی بنائے گی۔

دوسری جانب پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے اپنے خطاب میں کہا کہ مالیاتی شمولیت کے پروگرام کے تحت اس کمپنی پر 6 ارب روپے کی ابتدائی سرمایہ کاری کی گئی ہے۔

بعدازاں کار انداز پاکستان کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر نے کہا کہ کارانداز معاشی ترقی کو بڑھانے میں مہارت رکھتا ہے۔

واضح رہے کہ تقریب میں برطانوی ہائی کمیشن، ایس ای سی پی، اسٹیٹ بینک اور وزارت خزانہ کے نمائندوں نے شرکت کی۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version