Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پنجاب اسمبلی اجلاس؛ مخصوص نشستوں پر نومنتخب ارکان نے حلف اٹھالیا

پنجاب اسمبلی کے جاری اجلاس میں مخصوص نشستوں پر 24 نومنتخب ارکان نے حلف اٹھا لیا ہے۔

اسپیکر ملک محمد احمد خان کی زیر صدارت پنجاب اسمبلی کا اجلاس ڈیڑھ گھنٹہ تاخیر سے شروع ہوا جو اب تک جاری ہے۔

گنتی پر پنجاب اسمبلی کے اجلاس کا کورم پورا ہونے پر اسپیکر نے نو منتخب ارکان کو حلف لینے کی دعوت دے دی۔

مخصوص نشستوں پر منتخب 21 خواتین ارکان اور 3 اقلیت کی نشست پر منتخب ارکان سے اسپیکر پنجاب اسمبلی نے  حلف لیا۔

پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں حلف لینے والوں میں سعدیہ مظفر، فضاء میمونہ، عابدہ بشیر، مقصودن بی بی، عامرہ خان، صومیہ عطاء، راحت افزاء، رخسانہ شفیق، تحسین فواد، فرزانہ عباس، شگفتہ فیصل، عظمی بٹ، ماریہ طلال اور ساجدہ نوید شامل تھیں۔

اس کے علاوہ اجلاس میں نصرین ریاض، افشین حسن، آمنہ پروین، شہر بانو، زیبا غفور، روبینہ نذیر اور سیدہ سمیرہ احمد نے بھی حلف اٹھایا جبکہ اقلیتوں میں طارق مسیح، وسیم انجم اور بسرو جی شامل تھے۔

دوران اجلاس اسپیکر پنجاب اسمبلی کے حکم پر سیکرٹری اسمبلی نے پینل آف چیئرمین کے ناموں کا اعلان کردیا۔

رانا منورحسین، سید علی حیدر گیلانی، غلام مرتضیٰ اور محترمہ راحیلہ نعیم کے نام پینل آف چیئرمین میں شامل ہیں۔

دوسری جانب رانا آفتاب نے ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ  ہماری 45 جنرل سیٹیں ہیں ہمیں ہمارا آئینی حق ملنا چاہیے، لگتاہے آپ کو الہام ہوتا ہے کہ پہلے ہی رولنگ دے دیتے ہیں۔

اسپیکر نے کہا کہ مخصوص نشستوں پر فیصلہ الیکشن کمیشن نے دیا ہے، جو آئین کے مطابق ہوگا وہ ہی کریں گے، ایس آئی سی کی پارلیمانی پارٹی نہیں اس لئے اپوزیشن کو مخصوص نشستیں نہیں ملیں۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version