مغربی ہواؤں سے بلوچستان میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، کل تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ مومسیات کے مطابق بارشوں کا طاقتور سلسلہ آج سے بلوچستان میں داخل ہوگا، آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف اضلاع میں مزید گرج چمک کے ساتھ بارشوں اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے۔
بلوچستان کے علاقے دالبندین میں بارش نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی، اس کے علاوہ
پشین 10، چمن 8 اور قلات میں 6 ، لسبیلہ 2 ،کوئٹہ 5 اور لورالائی میں ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
گوادر سمیت دیگرمتاثرہ اضلاع میں پاک فوج، نیوی، پی ڈی ایم اے اور ضلع انتظامیہ سمیت دیگر اداروں کے ساتھ مل کر امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج بالائی سندھ، اسلام آباد، پنجاب، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔
بارشوں کے دوران نقصانات سےمتعلق رپورٹ جاری
پی ڈی ایم کی جانب سے حالیہ بارشوں کے دوران نقصانات سےمتعلق رپورٹ جاری کر دی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق بلوچستان میں حالیہ بارشوں کے دوران بچوں سمیت 8 افراد جاں بحق ہوئے ،جاں بحق افراد میں 4 بچے، 3 مرد اور 1 خاتون شامل ہے۔
جاں بحق افراد کا تعلق خاران، کیچ، بارکھان اور پیشن سے ہے۔
حالیہ بارشوں کے دوران صوبے کے مختلف اضلاع میں 258 مکانات مکمل تباہ، 1 ہزار 40 کو جزوی نقصان پہنچا، 4 سڑکیں مکمل تباہ اور ایک پل سیلابی ریلے کی نذر ہوگیا۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق موسلادھار بارشوں کے دوران ماہی گیروں کی 80 کشتیاں بھی تباہ ہوگئی۔
