اسلام آباد: وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے یوسف رضا گیلانی کو چیئرمین سینیٹ اور سیدال خان ناصر کو ڈپٹی چیئرمین سینیٹ منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے نو منتخب چیئرمین سینیٹ اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے لئے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا کہ سینیٹ کے چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین کے انتخابات جمہوری عمل کا تسلسل ہیں، امید ہے کہ آپ آئین کی سربلندی اور ملکی ترقی کیلئے اپنا کردار ادا کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ آپ عوامی فلاح و بہبود اور ملکی ترقی و خوشحالی کے لئے مؤثر قانون سازی میں بھر پور کردار ادا کریں گے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ وفاقی اکائیوں کی مضبوطی اور جمہوری اقدار کی پاسداری کیلئے سینیٹ کا کردار بہت اہمیت کا حامل ہے۔
واضح رہے کہ ایوان بالا میں سادہ اکثریت حاصل کرنے والے امیدوار یوسف رضا گیلانی چیئرمین سینیٹ اورسیدال خان ناصر ڈپٹی چیئرمین سینیٹ منتخب ہو گئے۔
یوسف رضا گیلانی اور سردار سیدال خان ناصر کے مقابلے میں کسی امیدوار نے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے لیے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرائے۔
