اسلام آباد: وفاقی حکومت نے حساس اور خفیہ معلومات کی غیر مجاز تشہیر کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرنے فیصلہ کیا ہے۔
اس حوالے سے وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ حکومت کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر خفیہ دستاویزات کی کھلے عام نمائش کا سخت نوٹس لیتے ہوئے خفیہ معلومات اور دستاویزات کو افشا کرنے والوں کے خلاف آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس طرح کی معلومات کا پھیلاؤ پاکستان کے سٹریٹجک اور اقتصادی مفادات کو نقصان پہنچا سکتا ہے، دوست اور برادر ممالک کے ساتھ تعلقات کو بھی شدید نقصان پہنچ سکتا ہے۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ وفاقی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ ان تمام افراد کے خلاف آفیشل سیکرٹس ایکٹ 2023 کے تحت مقدمات درج کئے جائیں، خفیہ معلومات یا دستاویزات کے افشاء کرنے یا پھیلانے میں بالواسطہ یا بلاواسطہ ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ اس جرم کی سزا دو سال قید اور جرمانے کی صورت میں بھگتنا ہو گی۔
