لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پاکستان کے سب سے بڑے ملتان روڈ انٹر چینج کا افتتاح کردیا۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے تکمیل کے بعد رنگ روڈسدرن لوپ 3 کا بھی باقاعدہ آغاز کیا، جبکہ وزیر اعلیٰ نے ایک ماہ کے لیے ایس ایل تھری پر ٹول ٹیکس معاف کرنےکی بھی ہدایت کی ہے اس طرح شہری مفت سفر کرسکیں گے۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے ایس ایل فور پراجیکٹ کے لئے فوری اقدامات کے لیے ہدایت جاری کی اور اڈا پلاٹ سے ملتان روڈ انٹر چینج اور لاہور رنگ روڈ کے ملتان روڈ انٹر چینج کا معانہ بھی کیا۔
صوبائی وزیر مواصلات ملک صہیب احمد برتھ نے وزیر اعلیٰ مریم نواز کو پراجیکٹ کے بارے میں تفصیلی بریفننگ دی جس کے مطابق ایس ایل تھری ملتان روڈ انٹر چینج پنجاب کا سب سے بڑا انٹر چینج ہے۔
بریفننگ میں کہا گیا کہ جنوب سے آنے والی ٹریفک 8 کلومیٹر طویل لاہور رنگ روڈ سدرن لوپ تھری پر چند منٹ میں ائیر پورٹ پہنچ سکے گی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز کا کہنا ہے کہ ایس ایل تھری بننے سے شہر کی اندرونی روڈ پر رش کم ہوگا یہی وجہ ہے کہ ایس ایل تھری لاہور میں ٹریفک منیجمنٹ کیلئے بہت ہی اہم ہے کیونکہ اس سے ٹھوکر اور کینال روڈ پر بھی ٹریفک کا رش کم کرنے میں مدد ملے گی۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے سیکریٹری تعمیرات و مواصلات اور ٹیم کی کاکردگی کو سراہا۔
واضح رہے کہ اس موقع پر سینیرصوبائی وزیر مریم اورنگزیب ، ایم این اے افضل کھوکھر، معاون خصوصی ذیشان ملک،چیف سیکریٹری زاہد اختر زمان ،آئی جی ڈاکٹر عثمان انور، کمشنر زید بن مقصود ، ڈپٹی کمشنر رافعہ حیدر اور دیگر حکام نے شرکت کی۔


















