شہر قائد میں بوہری برادری آج عیدالاضحیٰ مذہبی جوش و خروش سے منارہی ہے۔
کراچی میں صدر کی طاہری مسجد میں بوہری جماعت کے افراد نے عیدالاضحیٰ کی نماز ادا کی اور پھر سنت ابراہیمی کی ادائیگی کے لیے جانوروں کی قربانی کی۔
اس کے علاوہ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور خلیجی ممالک سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں بھی آج عیدالاضحیٰ منائی جارہی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان سمیت ملک بھر میں کل عیدالاضحیٰ منائی جائے گی۔
دن کا آغاز مساجد میں امت مسلمہ کی بھلائی اور ملک کی ترقی، خوشحالی اور سلامتی کے لیے خصوصی دعاؤں سے ہوگا۔
تمام شہروں، قصبوں اور دیہاتوں کی مساجد، عیدگاہوں اور کھلی جگہوں پر نماز عید کے اجتماعات ہوں گے۔
علمائے کرام عید کے اپنے خطبات میں حضرت ابراہیم علیہ السلام اور حضرت اسماعیل علیہ السلام کی عظیم قربانی کے فلسفے کی اہمیت کو اجاگر کریں گے اور لوگ حضرت ابراہیم علیہ السلام کی سنت پر عمل کرنے کے لیے جانوروں کی قربانی کریں گے۔
