Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستان میں غیرملکی سرمایہ کاری کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں اندرونی و بیرونی سرمایہ کاری کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت سرمایہ کاری بورڈ کے امور پر اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں سیکریٹری سرمایہ کاری بورڈ کی جانب سے بریفنگ دی گئی۔

اجلاس کو بریفنگ دی گئی کہ چینی صنعتوں کی پاکستان میں ری لوکیشن کے حوالے سے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، اسلام آباد بزنس فیسیلیٹیشن مرکز کے قیام کے حوالے سے چینی ماہرین کی خدمات حاصل کی جا رہی ہیں، آسان کاروبار ایکٹ کا مسودہ جلد کابینہ کمیٹی برائے لیجسلیٹو کیسز میں بھیجا جا رہا ہے۔

اجلاس کے دوران وزیراعظم نے چینی صنعتوں کی پاکستان منتقلی کے حوالے سے چینی اور پاکستانی کمپنیوں کے درمیان جوائنٹ وینچر منصوبے کی منظوری دے دی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں اندرونی و بیرونی سرمایہ کاری کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے، حکومت تاجروں اور سرمایہ کاروں کو کاروبار دوست ماحول فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔

انہوں نے دورہ چین کے دوران شینزین میں پاکستانی اور چینی کمپنیوں کے درمیاں مفاہمتی یادداشتوں کے حوالے سے پیشرفت پر جامع رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت کردی۔

وزیر اعظم نے خصوصی اقتصادی زونز ون اسٹاپ شاپ کے قانون کے مسودہ پر دورہء چین کے بعد ہونے والی پیشرفت کے تناظر میں نظر ثانی کی بھی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ چین کی ٹیکسٹائل، چمڑے، فٹ ویئر اور دیگر صنعتوں کی پاکستان میں ری لوکیشن کے حوالے سے بہت استعداد موجود ہے۔

واضح رہے کہ اجلاس میں وفاقی وزیر نجکاری و سرمایہ کاری عبد العلیم خان، وفاقی وزیر تجارت جام کمال، وفاقی وزیر  خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر پٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک، وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر رانا احسان افضل اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version