لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل ایجوکیشن سے نوجوانوں کو ہنر مند بنانا چاہتے ہیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز سے رکن صوبائی اسمبلی عدنان افضل چٹھہ کی ملاقات ہوئی جس میں عوامی فلاح و بہبود کے پراجیکٹ اور عوامی مسائل اور ضروریات پر گفتگو کی گئی۔
ملاقات میں عدنان افضل چٹھہ نے وزیر اعلیٰ مریم نواز کو 100 دنوں میں عوامی فلاح وبہبود کے منصوبوں پر خراج تحسین پیش کیا اور فیلڈ اسپتال، کلینک آن ویلز اور یوتھ سکلز ڈویلپمنٹ انیشیٹیو پراجیکٹس کو سراہا۔
دوران ملاقات ٹیوٹا اور ٹیکینکل ایجوکیشن میں جدت سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر سکلز ڈویلپمنٹ انیشیٹیو نوجوانوں کے لئے کامیابی کی نوید ہوگا، ٹیوٹا کورسز کیلئے طلبہ کی تعداد 4 ہزار سے بڑھا کر بتدریج 40 ہزار کی جائے گی۔
مریم نواز نے کہا کہ اسکل ڈویلپمنٹ کی ٹریننگ مکمل فری ہے، ٹیوٹا پروگرام میں مارکیٹ ڈیمانڈ کے مطابق کورسز شامل کیے جائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل ایجوکیشن سے نوجوانوں کو ہنر مند بنانا چاہتے ہیں، نوجوان معاشی طور پر با اختیار ہوگا تو اپنی فیملی کو سپورٹ کرسکے گا۔
واضح رہے کہ اس موقع پر سینئر منسٹر مریم اورنگزیب، معاون خصوصی ذیشان ملک، چیف سیکریٹری، پرنسپل سیکریٹری اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔
