لاہور: پنجاب میں پاکستان کا پہلا کینسر رجسٹری “ڈیٹا بینک” قائم کرنے پر اتفاق ہوگیا۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف سے پنک ربن پاکستان کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اور بانی ڈاکٹر عمر آفتاب کی ملاقات ہوئی جس میں پنجاب میں پاکستان کا پہلا کینسر رجسٹری (ڈیٹا بینک) قائم کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
ملاقات کے دوران بریسٹ کینسر کی تشخیص کے لئے لیڈی ہیلتھ ورکر کی ٹریننگ کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔
دوران ملاقات پنجاب میں فی میل اسٹاف کے لئے میمو گراف کے ٹیسٹ کی سہولت لازم کرنے پر بھی غور ہوا اور نواز شریف کینسر اسپتال میں بریسٹ کینسر بلاک بنانے کی تجویز کا جائزہ بھی لیا گیا۔
ملاقات میں بریفنگ دی گئی کہ میموگراف مشین کی دستیابی یقینی بنانے کے لئے پی آئی ٹی بی کو ایپ بنانے کا ٹاسک دیا جائے گا، پاکستان کے پہلے سرکاری نوازشریف کینسر ہسپتال کے بریسٹ کینسر بلاک میں تمام سٹاف خواتین پر مشتمل ہوگا۔
بریفنگ کے مطابق کینسر کے مریضوں کا مستند ڈیٹا میسر ہونے سے علاج کی سہولتیں فراہم کرنے میں آسانی ہوگی، دنیا بھر میں بریسٹ کینسر 55سال اور پاکستان میں 35سا ل کی عمر بھی ہورہا ہے۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ پنجاب بھر میں متعین لیڈی ہیلتھ وزیٹر بریسٹ کینسر کلینک تشخیص کر سکیں گی، اکتوبر میں پنک ربن مہم وزیر اعلیٰ پنجاب کی سربراہی میں شروع ہوگی۔
واضح رہے کہ چیف سیکریٹری زاہد اختر زمان اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔


















