Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

جلسے کے دوران قانون کی خلاف ورزی کرنیوالوں سے قانون کے مطابق نمٹا جائیگا، طلال چوہدری

مسلم لیگ ن کے رہنما سینیٹر طلال چوہدری نے کہا ہے کہ جلسے کے دوران قانون کی خلاف ورزی کرنیوالوں سے قانون کے مطابق نمٹا جائیگا۔

مسلم لیگ ن کے رہنما سینیٹر طلال چوہدری نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی والے ایک عرصے سے جلسہ جلسہ کاراگ الاپ رہے ہیں، پی ٹی آئی کئی گروپوں میں تقسیم ہوچکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہر گروپ پی ٹی آئی پر قبضہ کرنے کیلئے ہاتھ پاؤں مار رہا ہے، پی ٹی آئی والے دن رات رنگ برنگی بڑھکیں مارتے ہیں، پی ٹی آئی والے رنگ بازی اور شعبدہ بازی کرنا چاہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جلسہ ضرور کریں لیکن آئین و قانون کے دائرہ سے باہر نہ نکلیں، انتظامیہ پُرامن جلسے کیلئے پوری مدد فراہم کرے گی، جلسے کے دوران آئین و قانون کی خلاف ورزی کرنیوالوں سے قانون کے مطابق نمٹا جائیگا۔

طلال چوہدری نے کہا کہ ماضی میں اسلام آباد کے امن کو خراب کرنے کی کوشش کی گئی، اسلام آباد میں جلسوں، دھرنوں کے دوران کاروبار زندگی کو مفلوج کیا گیا، پی ٹی آئی والے جلسے کی جگہ شعبدہ بازی کررہے ہیں۔

مسلم لیگ ن کے رہنما کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا حکومت اپنی 6 ماہ کی کارکردگی تو عوام کو بتائے؟ وزیراعلیٰ بتائیں 6 ماہ کی حکومت میں عوام کو کیا سہولیات دیں؟ خیبرپختونخوا کے عوام کے پیسوں سے کرینیں لاکر اسلام آباد پر چڑھائی کی اجازت نہیں دی جائیگی۔

انہوں نے مزید کہا کہ دوسروں پر سوال اٹھانے کی بجائے بتایا جائے کہ 13 سالہ حکومت میں خیبرپختونخوا نے کیا کیا؟ جواب دیا جائے کہ خیبرپختونخوا میں سب سے زیادہ بدامنی کیوں ہے؟

متعلقہ خبریں

Exit mobile version