Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

محکمہ جنگلات پنجاب کا جنگلات کی غیر قانونی کٹائی کی روک تھام کیلئے سزا میں چار گنا اضافہ

محکمہ جنگلات پنجاب نے جنگلات کی غیر قانونی کٹائی اور لکڑی چوری کی روک تھام کے لیے پنجاب فاریسٹ ایکٹ 1927 میں ترمیم کر کے لکڑی چوری اور درخت کاٹنے کی سزا اور جرمانے میں چار گنا اضافہ کردیا ہے۔

اسپیشل سیکرٹری محکمہ جنگلات پنجاب کیپٹن (ر) طاہر ظفر عباسی نے اپنے جاری کردہ ایک بیان میں کہا کہ چوری شدہ لکڑی کی مارکیٹ ویلیو سے چار گنا زیادہ جرمانہ وصول کیا جائیگا جبکہ لکڑی بھی قبضے میں لے لی جائیگی، اس سے قبل جرمانہ کرکے لکڑی ملزم کو دے دی جاتی تھی۔

انہوں نے کہا کہ فاریسٹ پروٹکیشن فورس بھی تشکیل دی جائے گی، فورس کو اسلحہ اور گاڑیاں فراہم کی جائیں گی، پنجاب رینجرز اور آرمی سے ٹریننگ دلوائی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ڈویژن فاریسٹ آفیسر کو مجسٹریٹ کے اختیارات دینے کی تجویز کی گئی، لکڑی چوری روکنے والے فاریسٹ گارڈز اور عملے کو برآمد کی جانیوالی لکڑی کی مالیت کے مطابق انعام دیا جائیگا، اگر کوئی افسر اپنے ایریا میں لکڑی چوری، جنگلات کی غیر قانونی کٹائی، انہیں نقصان پہنچانے سے متعلق محکمے کو آگاہ نہیں کرتا اور اس سے متعلق محکمے کو میڈیا یا کسی اور ذریعہ سے پتہ چلتا ہے تو ایسے افسر کو جرمانہ، نوکری سے معطلی اور زیادہ سنگین غلطی پر نوکری سے برخاست بھی کیا جاسکے گا۔

طاہر ظفر عباسی نے کہا کہ فاریسٹ پروٹیکشن فورس کے پاس لکڑی چوری، جنگلات کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا بھی اختیار ہوگا، ڈی ایف او کو مجسٹریٹ کے اختیارات دیے جائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ جنگلات پنجاب میں ڈائریکٹرجنرل کی نئی پوسٹ بنائی گئی ہے، 20 ویں گریڈ کا افسر ڈی جی تعینات ہوگا اور تمام چیف کنزرویٹر اسے جوابدہ ہوں گے۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version