ڈی جی ریسکیو 1122 عابد شیخ کا کہنا ہے کہ رمپا پلازہ میں لگنے والی آگ پر قابو پا لیا گیا ہے اور کولنگ کا عمل جاری ہے، اس کے بعد نقصان کا تخمینہ لگایا جائے گا۔
کراچی میں ایم اے جناح روڈ پر واقع رمپا پلازہ میں آگ لگ گئی تھی، آگ پر قابو پانے کے لئے فائر بریگیڈ کی 9 گاڑیاں اور ایک اسنارکل مصروف عمل تھیں۔
ریسکیو حکام کا کہنا تھا کہ چوتھی منزل پر لگنے والی آگ نے دیگر منزلوں کو بھی لپیٹ میں لے لیا اور عمارت میں لگی آگ کےشعلےعمارت سے باہر نظر آنے لگے، جس کے بعد فائربریگیڈ کی مزید گاڑیاں طلب کرلی گئیں۔
ریسکیو حکام کا کہنا تھا کہ عمارت میں گاڑیوں کےپارٹس اورٹائروں کی دکانیں اورگودام ہیں ، تمام اشیا آگ پکڑنے والی ہیں، جس سے شدت میں اضافہ ہورہا ہے، آگ لگنے سے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی اور عمارت میں کسی کے پھنسے ہونے کی اطلاع بھی نہیں ہے۔
پاک بحریہ نے بھی پلازہ میں لگی آگ پر قابو پانے میں بھرپور معاونت کی، پاک بحریہ کے2 فائرٹینڈرز، فائرباؤزر اور ریسکیو عملہ آگ بجھانے میں مصروف تھی۔
دوسری جانب ڈی جی ریسکیو 1122 سندھ عابد شیخ کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ چوتھی منزل پر لگنے والی آگ نے پانچویں منزل کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
انہوں نے کہا تھا کہ متاثرہ عمارت میں بڑی تعداد میں گودام موجود ہیں، گوداموں میں اسپیئر پارٹس، فوم، آٹو پارٹس اور چمڑا موجود ہے، مجموعی طور پر 12 فائر ٹینڈرز آگ بجھانے میں مصروف ہیں، آگ بجھانے میں دو اسنارکل بھی شامل ہیں۔
ڈی جی ریسکیو 1122 سندھ عابد شیخ نے کہا تھا کہ ایک سے ڈیڑھ گھنٹے میں آگ کو بجھا دیا جائے گا، کے ایم سی، ریسکیو 1122 اور پاکستان نیوی کے فائر ٹینڈرز آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں۔
وزیرِ اعلیٰ سندھ نے نوٹس لے لیا
دوسری جانب وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے رمپا پلازہ میں آگ لگنے کا نوٹس لے لیا۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو آگ لگنے کی تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔
