Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

امن مشقوں کے دوران شاندار بین الاقوامی فلیٹ ریویو

کراچی: امن مشقوں کے دوران پاک بحریہ کی قیادت میں 24 جنگی بحری جہازوں اور آبدوزوں کا شاندار نظارہ دیکھنے کو ملا ہے۔

امن مشقوں میں پاک بحریہ کے فضائی اثاثوں نے شاندار فلائی پاسٹ کیا جب کہ پاکستان نیوی کے پی این ایس ٹیپو سلطان اور پی این ایس تیمور نے بین الاقوامی فلیٹ ریویو کو لیڈ کیا۔ پی این ایس ٹیپو سلطان اور پی این ایس تیمور پاکستان نیوی کے طغرل کلاس جہاز ہیں۔

چین کی پیپلز لبریشن آرمی نیوی کے جہاز باؤتو 133 کے ساتھ پی این ایس حنین اور پی این ایس یمامہ فلیٹ ریویو میں شامل ہوئے، بنگلادیشی نیوی کے جہاز بی این ایس سمودرا جوئے پر سب کی نظریں رہیں۔

انڈونیشیا سے بونج ٹومو 357، ایران سے جاماران اور جاپانی بحریہ کے مورا سامی جہاز نے سلامی پیش کی۔ پی این ایس بابر کے ساتھ عمان کے سادھاور اور سعودی عرب کے حائل جنگی جہاز نے بھی سلامی پیش کی۔

پاک بحریہ کے ذوالفقار کلاس پی این ایس سیف اور سعودی عرب کے جازان نے سلامی دی، سری لنکا سے وجے یا باہو کے ساتھ پی این ایس ہیبت فلیٹ ریویو میں شامل ہوا۔

متحدہ عرب امارات کے جہاز ابو ظہبی اور چین سے گاؤ یوہو نے ریویو میں حصہ لیا جب کہ پی این ایس کولاچی اور پی این ایس عالمگیر نے سلامی پیش کی۔

امریکی بحریہ کے جہاز لیوس بی پلر، پی این ایس نصر، پی این ایس رہبر اور  2 آب دوزیں بھی فلیٹ ریویو کا حصہ بنیں، امن 2025 مشقوں میں بین الاقوامی فلیٹ ریویو کے دوران پاک بحریہ کے فضائی اثاثوں کا شاندار فلائی پاسٹ کیا گیا۔

 پاک بحریہ کے پی تھری سی اورائن طیاروں نے شاندار فارمیشن نے سما باندھ دیا، پاکستان اور ترکیہ کے اے ٹی آر طیارے بھی فلائی پاسٹ میں شامل ہوئے۔

 پاکستان نیوی کے سی کنگ اور زی نائن ای سی ہیلی کاپٹرز کی فارمیشنز نے دل موہ لیے جب کہ جے ایف 17 تھنڈر بلاک تھری میرینائزڈ فائٹر جیٹس نے دھاک بٹھا دی۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version