پشاور: چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی عبدالخبیر آزاد نے پاکستان میں رمضان المبارک 1447 ہجری کا چاند نظر آنے کا اعلان کردیا اور کل پہلا روزہ ہوگا۔
پشاور میں رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اہم اجلاس ہوا جس کی صدارت چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی عبدالخبیر آزاد نے کی۔
اجلاس میں مرکزی اور زونل کمیٹیوں کے اراکین بھی شریک ہوئے جب کہ اس موقع پر وزارت مذہبی امور، سپارکو، محکمہ موسمیات اور وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے نمائندے بھی موجود تھے۔
پشاور کے علاوہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور دیگر صوبائی دارالحکومتوں میں بھی زونل کمیٹیوں کے اجلاس ہوئے۔
چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے چاند نظر آنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے مختلف حصوں میں رمضان کا چاند نظر آگیا ہے، کل بروز جمعرات 19 فروری 2026 کو یکم رمضان المبارک 1447 ہجری ہوگی۔
دوسری جانب بنگلادیش اور بھارت میں بھی رمضان المبارک کا چاند نظر آگیا ہے اور وہاں بھی کل پہلا روزہ رکھا جائے گا۔


















