Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

کراچی کی مارکیٹس کے اوقات بدلنے پر سندھ حکومت اور تاجروں کی اہم بیٹھک میں کیا فیصلہ ہوا؟

تمام تجاویز کا تفصیلی جائزہ لے کر سفارشات وزیر اعظم شہباز شریف کو ارسال کی جائیں گی

سندھ کے وزیر اعلیٰ سید مراد علی شاہ نے واضح کیا ہے کہ صوبے میں مارکیٹس کے نئے اوقات کا حتمی فیصلہ تاجر برادری کی مشاورت سے کیا جائے گا، جس کے لیے ایک اہم اجلاس منعقد کیا گیا۔

وزیراعلیٰ ہاؤس میں ہونے والی اس ملاقات میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی کاروباری تنظیموں کے نمائندگان شریک ہوئے، جن میں کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری، کاٹی، جیولرز، ریسٹورنٹس، فرنیچر، میرج ہالز اور ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشنز شامل تھیں۔

اجلاس میں آصف حیدر شاہ، سینئر وزیر شرجیل انعام میمن، ناصر حسین شاہ، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، کمشنر کراچی حسن نقوی اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ موجودہ ملکی و علاقائی صورتحال کے پیش نظر توانائی کے مؤثر استعمال کے لیے اقدامات ناگزیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ایسے فیصلے کرنا چاہتی ہے جن سے بجلی کی بچت بھی ہو اور عام آدمی پر کم سے کم بوجھ پڑے۔

مراد علی شاہ  نے مزید کہا کہ تمام تاجر ایسوسی ایشنز کو اسی مقصد کے تحت مشاورت کے لیے مدعو کیا گیا ہے، اور ان کی جانب سے مارکیٹس کے اوقات کار سے متعلق مختلف تجاویز بھی پیش کی گئی ہیں۔

انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ تمام تجاویز کا تفصیلی جائزہ لے کر سفارشات وزیر اعظم شہباز شریف کو ارسال کی جائیں گی جس کے بعد حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔

دوسری جانب تاجر برادری نے وزیراعلیٰ کی جانب سے مشاورت کے عمل کو سراہتے ہوئے اسے ایک مثبت پیش رفت قرار دیا ہے۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version