ترجمان دفتر خارجہ نے پاکستان کی جانب سے سعودی عرب کے مشرقی علاقے میں توانائی کی تنصیبات پر میزائل اور ڈرون حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔
ترجمان کے مطابق ایران کی جانب سے کیے گئے ان حملوں میں جانی نقصان پر پاکستان نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے اور متاثرہ افراد کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا پیغام دیا ہے۔
دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اہم بنیادی ڈھانچے کو پہنچنے والے نقصان کی بھی شدید مذمت کرتا ہے اور ایسے اقدامات کو ناقابل قبول سمجھتا ہے۔ ترجمان نے واضح کیا کہ یہ حملے سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی سنگین خلاف ورزی ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستان اس مشکل گھڑی میں سعودی حکومت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعادہ کرتا ہے اور ان کی سلامتی کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت جاری رکھے گا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے خبردار کیا کہ اس نوعیت کے حملے خطے میں کشیدگی کو مزید بڑھا سکتے ہیں اور امن و استحکام کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتے ہیں، لہٰذا ایسے اقدامات سے گریز انتہائی ضروری ہے۔
