Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

عوام کے لیے بڑی وارننگ، ملک بھر میں پیٹرول پمپس بند ہونے کا خدشہ

پٹرول کی قیمتیں تو بڑھا دی گئیں مگر ڈیلرز کو ریلیف نہیں دیا گیا، ہمایوں خان

پٹرول پمپ ڈیلرز ایسوسی ایشن نے ایک بار پھر ملک میں پیٹرول بحران کا خدشہ پیدا کرتے ہوئے واضح دھمکی دے دی ہے کہ مطالبات نہ مانے گئے تو پیٹرول پمپس بند کر دیے جائیں گے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین سمیع خان نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باوجود ڈیلرز کا مارجن نہ بڑھانا ناانصافی ہے، جس کے باعث کاروبار چلانا مشکل ہو گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں اخراجات پورے کرنا ناممکن ہوتا جا رہا ہے، اگر حکومت نے فوری طور پر مارجن میں اضافہ نہ کیا تو ملک بھر میں پیٹرول پمپس بند کرنے کے سوا کوئی راستہ نہیں بچے گا۔

اس موقع پر رہنما ہمایوں خان نے بھی حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پٹرول کی قیمتیں تو بڑھا دی گئیں مگر ڈیلرز کو ریلیف نہیں دیا گیا، جس سے کاروبار تباہی کے دہانے پر پہنچ چکا ہے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو پمپس خودبخود بند ہونا شروع ہو جائیں گے، جس سے ملک میں پیٹرول کی شدید قلت پیدا ہو سکتی ہے اور عوام کو بڑی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

واضح رہے کہ اگر یہ دھمکی عملی شکل اختیار کرتی ہے تو ٹرانسپورٹ، صنعت اور روزمرہ زندگی شدید متاثر ہونے کا خدشہ ہے، جس پر عوام میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔

متعلقہ خبریں