کراچی: نادرن بائی پاس پر عوام دوست منڈی دوبارہ روشن ہوگئی ہے اور دیکھتے ہی دیکھتے منڈی میں پہلا سودا بھی ہوگیا۔
کراچی نادرن بائی پاس پر ’’عوام دوست منڈی‘‘ میں سرگرمیاں تیز ہوچکی ہیں اور دیکھتے ہی دیکھتے قربانی کے جانور کا پہلا سودا بھی ہوگیا جب کہ بیوپاریوں کے ساتھ شہری بھی خوش نظر آرہے ہیں، منچلوں نے رات دن منڈی پھیرے لگانا شروع کردیے ہیں۔
پنجاب، سندھ اور بلوچستان سمیت ملک بھر کے شہروں سے بیوپاریوں نے کراچی نادرن بائی پاس عوام دوست منڈی کا رخ کرلیا ہے۔
3 اپریل کو لاہور کے قریب شیخوپورہ شہر سے آنے والے بیوپاری چاچا سلیم نے بتایا کہ اس نے اپنا پہلا جانوربھی فروخت کردیا ہے۔
ایڈمنسٹریٹر طارق تنولی کا کہنا ہے کہ قبل از وقت عوام دوست منڈی پہنچنے والے بیوپاریوں اور جانوروں کے لیے پانی اور چارے کی فراہمی پہلے روز سے یقینی بنائی جارہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے ہر بلاک میں اپنے ورکرز تعینات کردیے ہیں اور پوری منڈی کو روشن کردیا گیا ہے، جہاں جانورکھڑے ہیں وہاں بھی لائٹس نصب کردی گئی ہے۔
ترجمان عوام دوست منڈی 2026 کا کہنا ہے کہ پہلے دن سے شہریوں کی بڑی تعداد فیملیز کے ہمراہ منڈی آرہی ہیں، منچلوں نے دن رات ڈیرے جما رکھے ہیں۔
ترجمان نےبتایا کہ مویشی منڈی کو پکنک پوائنٹ بنالیا ہے، کوئی خوبصورت جانوروں کے ساتھ سیلفیاں بنارہا ہے تو کوئی ان سے اٹھکیلیاں کررہا ہے جب کہ ہر بلاک میں کولڈ ڈرنکس، چپس اور کھانے پینے کی اشیاء کے کیبنز موجود ہیں۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ رات گئے تک شہری منڈی کا چکر لگارہے ہیں، عوام کے تحفظ کے لیے داخلی و خارجی راستوں پر پولیس اور رینجرز اہلکار تعینات کیے جاچکے ہیں۔



















