راولپنڈی: چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف سے ترک ڈپٹی چیف آف جنرل اسٹاف جنرل لیونت ارگن نے ملاقات کی جس دوران باہمی دلچسپی کے امور زیر غور آئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف سے ترک ڈپٹی چیف آف جنرل اسٹاف جنرل لیونت ارگن نے نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں ملاقات کی۔
نیول ہیڈ کوارٹرز آمد پر ترک ڈپٹی چیف آف جنرل اسٹاف کا استقبال ایڈمرل نوید اشرف نے کیا۔ پاک ترک عسکری قیادت کی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور زیر غور آئے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ امریکا، اسرائیل اور ایران تنازع کے پس منظر میں میری ٹائم سیکیورٹی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا جب کہ پاک ترک دفاعی اشتراک کار پر بھی غور کیا گیا۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ دونوں جانب سے عسکری تعاون بالخصوص تربیت اور مشترکہ مشقوں کے ضمن میں اشتراک کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔
سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف نے علاقائی میری ٹائم سیکیورٹی کے لیے پاکستان نیوی کے کردار کو اجاگر کیا جب کہ جنرل لیونت ارگن نے میری ٹائم سیکیورٹی کے حوالے سے پاکستان نیوی کی کاوشوں اور کردار کو سراہا۔



















