عمر کوٹ: سندھ کے ضلع عمرکوٹ سے تعلق رکھنے والے سرکاری استاد دیویندر کمار نے عالمی سطح پر بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے ہارورڈ گریجویٹ اسکول آف ایجوکیشن میں داخلہ حاصل کرلیا ہے جو سندھ کے لیے اعزاز ہے۔
سندھ حکومت کی میرٹ پر اساتذہ بھرتیوں کے مثبت نتائج سامنے آنے لگے ہیں۔ میرٹ پر منتخب اساتذہ عالمی سطح پر بھی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرکے کامیابیاں حاصل کررہے ہیں۔
دیویندر کمار کا انتخاب اسکالرشپ پر ماسٹرز ان ایجوکیشن پالیسی اینڈ اینالیسس پروگرام کے لیے کیا گیا ہے۔
اپنی کامیابی پر قابل استاد دیویندر کمار نے جدید تعلیمی مہارتیں حاصل کرکے صوبے کے تعلیمی نظام میں بہتری لانے کا عزم ظاہر کیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ عالمی معیار کی تعلیم حاصل کرکے سندھ کے سرکاری اسکولوں کو فائدہ پہنچایا جائے گا۔
واضح رہے کہ سندھ حکومت کی تعلیمی پالیسیوں اور میرٹ کلچر کا مثبت اثر نمایاں ہورہا ہے۔



















