پاک بحریہ نے فضا سے سمندر میں ہدف کو نشانہ بنانے والے کروز میزائل “تیمور” کا کامیاب تجربے کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک بحریہ کا تیمور اے ایل سی ایم اندرون ملک تیار کردہ اینٹی شپ ویپن سسٹم ہے، اس کامیاب تجربے کو پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں اور ہدف کو درستگی سے نشانہ بنانے کی مہارت کا مظاہرہ قرار دیا گیا ہے۔
فضا سے سمندر پر فائر کیے گئے میزائل نے انتہائی درستگی کے ساتھ اپنے ہدف کو نشانہ بنایا، اس کامیاب تجربے سے پاک بحریہ کی سمندر میں اپنے اہداف کی طویل فاصلے پر نشاندہی کر کے تباہ کرنے کی صلاحیت کی توثیق ہوتی ہے۔
ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ کروز میزائل ‘تیمور’ کی کامیاب فائرنگ کا مظاہرہ قومی دفاعی صلاحیت میں ایک اہم اضافہ ہے، فضا سے سطح سمندر پر مار کرنے والے میزائل کی کامیاب فائرنگ سے مسلح افواج کی کثیرالجہتی مربوط دفاعی صلاحیتوں کو تقویت ملی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک بحریہ قومی بحری مفادات اور اپنی سمندری حدود کے دفاع کے لیے پر عزم ہے۔
صدر و وزیراعظم پاکستان، چیف آف ڈیفنس فورسز اور سروسز چیفس نے سائنسدانوں اور انجینئرز کو اس اہم سنگِ میل کے حصول پر مبارکباد پیش کی ہے۔



















