امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے داماد اور مشیر جیرڈ کشنر نے کہا ہے کہ صدر ٹرمپ یوکرین اور روس کے درمیان جاری ہولناک جنگ ختم کرانے کے لیے پُرعزم ہیں، جس کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر جانی نقصان، تباہی اور انسانی مشکلات پیدا ہوئی ہیں۔
جیرڈ کشنر کے مطابق امریکا دیرپا امن کے قیام کے لیے مذاکرات کے ذریعے حل تلاش کرنے کی بھرپور کوشش کررہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یوکرین اور روس کے درمیان براہ راست سیکیورٹی خدشات اور ممکنہ حل پر بات چیت کے لیے دونوں ممالک کو ایک میز پر لانا بنیادی مقصد ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ابوظہبی میں روس، یوکرین اور امریکا کے درمیان دو روزہ سہ فریقی مذاکرات سے قبل یوکرینی حکام، یورپی یونین، نیٹو اور جرمنی، فرانس، برطانیہ اور اٹلی کے نمائندوں سے ملاقاتیں کی جائیں گی۔
جیرڈ کشنر نے کہا کہ فروری کے بعد یہ پہلا موقع ہوگا جب تینوں ممالک سہ فریقی مذاکرات میں شریک ہوں گے۔ امریکا کی کوشش ہے کہ جنگ پر مرکوز توجہ کو دیرپا امن کی تعمیر کی جانب منتقل کیا جائے اور تنازع کے حل کے لیے قابل عمل راستہ نکالا جائے۔
ان کے مطابق واشنگٹن یوکرین، یورپی یونین اور دیگر یورپی شراکت داروں کے ساتھ مل کر یوکرین کی مالی ضروریات پوری کرنے اور جنگ سے متاثرہ علاقوں کی تعمیر نو کے معاملات پر بھی کام کررہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ قیدیوں اور شہریوں کی واپسی جیسے اہم انسانی مسائل بھی مذاکرات کا حصہ ہیں۔ یہ تنازع غیر معمولی طور پر پیچیدہ ہے اور اس کے حل کے لیے مشکل فیصلے کرنا ہوں گے، تاہم امریکا حقیقت پسندانہ حکمت عملی اور عزم کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے۔
جیرڈ کشنر نے امید ظاہر کی کہ مذاکرات میں بامعنی پیش رفت ہوگی اور فریقین دیرپا امن کے قیام کے لیے کسی عملی حل تک پہنچنے میں کامیاب ہوں گے۔




















