Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

لاڑکانہ میں مطلوب خطرناک ڈاکو گرفتار، وزیر داخلہ سندھ کی پولیس کو شاباش

حکومت سندھ نے اس کے سر کی قیمت 50 لاکھ روپے مقرر کر رکھی تھی

وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے لاڑکانہ میں بدنام زمانہ اور سنگین جرائم میں ملوث مطلوب ڈاکو کی گرفتاری پر پولیس افسران اور ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں شاباش دی ہے۔

وزیر داخلہ سندھ نے ڈی آئی جی اور ایس پی لاڑکانہ سمیت پوری ٹیم کی بروقت اور مؤثر کارروائی کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سخت حکمت عملی بلا تعطل جاری رکھی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس کی فوری کارروائی سے علاقے میں امن و امان کی صورتحال میں واضح بہتری آئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق لاڑکانہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے بدنام ڈاکو ڈھولو عرف فقیر جتوئی کو گرفتار کرلیا جو کچے کے علاقے عاقل پیر شیر میں سرگرم ایک منظم جرائم پیشہ گروہ کا سرغنہ بتایا جاتا ہے۔

ایس ایس پی لاڑکانہ کے مطابق گرفتار ملزم 46 سے زائد سنگین مقدمات میں ملوث، اشتہاری اور طویل عرصے سے روپوش تھا جبکہ حکومت سندھ نے اس کے سر کی قیمت 50 لاکھ روپے مقرر کر رکھی تھی۔

وزیر داخلہ سندھ نے اس کامیابی کو کچے کے ڈاکوؤں کے خلاف بڑا دھچکا قرار دیتے ہوئے کہا کہ عوام کے تحفظ کے لیے پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مشترکہ کاوشیں ناگزیر ہیں۔

ترجمان وزیر داخلہ سندھ سہیل احمد جوکھیو نے بھی کارروائی کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے پولیس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔

متعلقہ خبریں