Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

آئی ایم ایف نے آئندہ بجٹ میں الیکٹرک ٹرانسپورٹ کے فروغ کے لیے اہداف مقرر کردیے

ریزی لینس اینڈ سسٹین ایبلٹی فیسلٹی پروگرام کے تحت پاکستان کو 28 ماہ کے دوران 1.4 ارب ڈالر کا قرض فراہم کیا جائے گا

پاکستان نے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں ماحول دوست ٹرانسپورٹ کے فروغ کے لیے اہم اہداف مقرر کرلیے ہیں جن پر آئی ایم ایف کے ساتھ طے پانے والے معاہدے کے تحت عملدرآمد کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق پاکستان نے ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کو پانچ سالہ منصوبہ پیش کیا ہے جس کے تحت ریزی لینس اینڈ سسٹین ایبلٹی فیسلٹی پروگرام بھی طے پا چکا ہے اس پروگرام کے تحت پاکستان کو 28 ماہ کے دوران 1.4 ارب ڈالر کا قرض فراہم کیا جائے گا۔

دستاویزات کے مطابق آئندہ بجٹ میں الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال کو فروغ دینا، درآمدی ایندھن پر انحصار کم کرنا، اضافی بجلی کا مؤثر استعمال بڑھانا اور ماحولیاتی آلودگی میں کمی لانا حکومتی ترجیحات میں شامل ہوں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نئی الیکٹرک وہیکل پالیسی 2025-30 کے تحت پاکستان ایکسیلیریٹڈ وہیکل الیکٹریفکیشن پروگرام کے دوسرے مرحلے کا آغاز کیا جائے گا۔

 رواں مالی سال میں اس پروگرام کے پہلے مرحلے کے لیے 9 ارب روپے مختص کیے گئے تھے، جس کے تحت الیکٹرک بائیکس، رکشوں اور لوڈرز کی خریداری پر سبسڈی فراہم کی جا رہی ہے یہ سبسڈی نیو انرجی وہیکلز ایڈاپشن لیوی ایکٹ 2025 کے تحت روایتی گاڑیوں پر عائد لیوی سے حاصل کی جا رہی ہے۔

 حکومتی اہداف کے مطابق رواں سال 119,170 الیکٹرک گاڑیوں کو فروغ دینے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جن میں 116,000 الیکٹرک بائیکس اور 3,170 رکشے و لوڈرز شامل ہیں۔

پروگرام کے پہلے مرحلے کے لیے 41,000 گاڑیوں کا ہدف مقرر کیا گیا تھا، تاہم عوامی دلچسپی توقع سے کہیں زیادہ رہی اور مجموعی طور پر 269,149 درخواستیں موصول ہوئیں یکم اکتوبر 2025 کو الیکٹرانک قرعہ اندازی کے ذریعے 41,000 کامیاب درخواست گزاروں کا انتخاب کیا گیا۔

بینکوں کو بھیجی گئی 44,689 درخواستوں میں سے اب تک 9,889 پر کارروائی مکمل کی جا سکی ہے جن میں سے 4,075 درخواستیں منظور ہوئیں اور 142.79 ملین روپے کے قرضے جاری کیے گئے۔

دوسری جانب سیلف فنانس اسکیم کے تحت 1,339 درخواست گزاروں میں سے 1,334 کو الیکٹرک بائیکس فراہم کی جا چکی ہیں۔

دوسرے مرحلے میں 76,000 الیکٹرک بائیکس اور 2,170 رکشے و لوڈرز فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے حکومت نے سرکاری ملازمین کے لیے بھی خصوصی اسکیم متعارف کرائی ہے جس کے تحت گریڈ 16 اور اس سے کم درجے کے ملازمین صرف 10 ہزار روپے کی ابتدائی ادائیگی پر الیکٹرک بائیک حاصل کر سکیں گے جبکہ ایک لاکھ روپے ادا کرکے الیکٹرک رکشہ یا لوڈر بھی حاصل کیا جا سکے گا باقی رقم ماہانہ اقساط کی صورت میں تنخواہ سے کٹوتی کے ذریعے وصول کی جائے گی۔

متعلقہ خبریں