Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

علامہ اقبال میڈیکل کالج کا 24 واں کانووکیشن، نمایاں طلبہ میں میڈلز اور ڈگریاں تقسیم

صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

لاہور: علامہ اقبال میڈیکل کالج کے 24 ویں کانووکیشن کا انعقاد کیا گیا جس میں صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی جب کہ تقریب میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ و طالبات میں گولڈ اور سلور میڈلز سمیت ایم بی بی ایس کی ڈگریاں تقسیم کی گئیں۔

علامہ اقبال میڈیکل کالج لاہور میں 24 ویں کانووکیشن کی پروقار تقریب منعقد ہوئی جس کا آغاز تلاوتِ کلام پاک اور قومی ترانے سے کیا گیا۔ تقریب میں صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق، سابق وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم، پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر طیبہ وسیم، پرو وائس چانسلر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز پروفیسر نادیہ نسیم سمیت فیکلٹی ممبران، گریجویٹس اور ان کے اہل خانہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تقریب کے دوران بیسٹ گریجویٹ ڈاکٹر ہادیہ یونس سمیت نمایاں طلبہ و طالبات کو گولڈ اور سلور میڈلز جب کہ فارغ التحصیل طلبہ میں ایم بی بی ایس کی ڈگریاں تقسیم کی گئیں۔ اس موقع پر کالج کی کامیابیوں پر مبنی خصوصی رپورٹ بھی پیش کی گئی۔

صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علامہ اقبال میڈیکل کالج بہترین ڈاکٹرز، محققین اور اساتذہ پیدا کرنے والا ایک تاریخی ادارہ ہے جس کے فارغ التحصیل ڈاکٹرز دنیا بھر میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز اور نرسوں کی عزت کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے جب کہ آج کا دن صرف تعلیمی کامیابی کا جشن نہیں بلکہ انسانیت کی خدمت کے نئے سفر کا آغاز بھی ہے۔

خواجہ سلمان رفیق نے جناح اسپتال لاہور کی بحالی کے لیے تقریباً 2 ارب روپے کے منصوبے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس میں نیا ایمرجنسی بلاک، بلڈ بینک، آئی سی یو اور دیگر شعبوں کی اپ گریڈیشن شامل ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پنجاب حکومت صحت کے شعبے میں دل، گردوں، جگر، بون میرو ٹرانسپلانٹ، کینسر علاج، فالج پروگرام اور بچوں کے دل کے آپریشن سمیت کئی بڑے منصوبوں پر کام کررہی ہے جب کہ تمام ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں نئے چلڈرن اسپتال بھی قائم کیے جارہے ہیں۔

سابق وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے اپنے خطاب میں کہا کہ اچھا انسان بنے بغیر کوئی اچھا ڈاکٹر نہیں بن سکتا جب کہ ڈاکٹرز کو دکھی انسانیت کی خدمت کے ذریعے دعائیں سمیٹنے کا موقع ملتا ہے۔

پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر طیبہ وسیم نے کہا کہ جناح اسپتال لاہور میں جدید ڈیجیٹل نظام جلد فعال کیا جائے گا جب کہ طلبہ کی بائیو میٹرک حاضری اور جدید تدریسی سہولیات پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔

متعلقہ خبریں