Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ایٹمی طاقت کے بعد پاکستان کو اب معاشی طاقت بنانا ہے، وزیراعظم شہباز شریف

28 مئی کی آمد آمد ہے، جب پاکستان ایٹمی قوت بنا تھا اور یہ قومی بیانیہ ہے کہ پاکستان کے ایٹمی اثاثے جارحیت نہیں

اسلام آباد: وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ایٹمی طاقت کے بعد پاکستان کو اب معاشی طاقت بنانا ہے۔

وزیرِاعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ “معرکۂ حق“ کی عظیم کامیابی کو ملک بھر میں بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا، اس موقع پر ملک بھر میں مختلف تقریبات منعقد ہوئیں اور پوری قوم یک جان و دو قالب بن کر سامنے آئی۔

انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے دشمن کو ایسا سبق سکھایا جو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا جب کہ اسلام آباد میں یومِ فتح معرکۂ حق کی شاندار تقریب بھی منعقد ہوئی۔

شہباز شریف نے کہا کہ 28 مئی کی آمد آمد ہے، جب پاکستان ایٹمی قوت بنا تھا اور یہ قومی بیانیہ ہے کہ پاکستان کے ایٹمی اثاثے جارحیت نہیں بلکہ دفاع کے لیے ہیں۔ دنیا پاکستان کو ایک ذمہ دار ایٹمی طاقت کے طور پر تسلیم کرتی ہے۔

وزیرِاعظم کا کہنا ہے کہ پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے میں مختلف حکومتوں، سیاستدانوں اور انجینئرز کا اہم کردار رہا جبکہ سابق وزیراعظم ذوالفقارعلی بھٹو نے اس کی بنیاد رکھی تھی اور نوازشریف نے اس کو پایہ تکمیل تک پہنچایا۔

انہوں نے تمام قومی ہیروز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایٹمی طاقت کے بعد اب پاکستان کو معاشی طاقت بنانا ہوگا، گزشتہ دو سال میں معاشی بہتری کے لیے ٹیم کے طور پر بھرپور کوششیں کی گئی ہیں تاہم خطے میں کشیدگی اور عارضی جنگ بندی کے اثرات معیشت پر بھی مرتب ہوئے۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی قربانیاں بے مثال ہیں اور ان کی مثال دنیا کی تاریخ میں نہیں ملتی۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version