اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی ایران کے دارالحکومت تہران پہنچ گئے ہیں، جہاں وہ ایرانی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی ایران کے اہم دورے پر تہران پہنچ گئے ہیں جب کہ ایرانی خبر رساں ادارے ارنا کے مطابق محسن نقوی اپنے دورے کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا خصوصی پیغام ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای تک پہنچائیں گے۔
ایرانی میڈیا نے بتایا کہ وزیر داخلہ محسن نقوی ایرانی وزیر خارجہ سے بھی ملاقات کریں گے جب کہ وزیراعظم شہباز شریف نے بھی محسن نقوی کو ایران اور امریکا کے درمیان جاری مذاکرات کے حوالے سے خصوصی ہدایات دی ہیں۔
خیال رہے کہ دورہ ایران سے قبل وزیر داخلہ نے ملکی سیاسی اور علاقائی صورتحال سمیت مختلف اہم امور پر وزیراعظم شہباز شریف اور دیگر اعلیٰ حکام سے تفصیلی مشاورت کی تھی۔ ملاقاتوں میں خطے کی بدلتی صورتحال اور پاکستان کے سفارتی روابط سے متعلق معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔
وزیراعظم نے وزیر داخلہ کو مذاکراتی عمل اور خطے میں امن و استحکام سے متعلق پاکستان کے مؤقف سے آگاہ کرتے ہوئے ایرانی قیادت کے ساتھ رابطوں کے حوالے سے اہم رہنمائی فراہم کی تھی۔



















