Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

واٹر کارپوریشن بورڈ کی جانب سے 54.38 ارب روپے کے بجٹ کی منظوری، جدید SAP نظام کے نفاذ کا فیصلہ

اجلاس کی صدارت میئر کراچی اور چیئرمین واٹر کارپوریشن بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کی۔

کراچی: کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے آئندہ مالی سال کے لیے 54.38 ارب روپے کے مجموعی حجم پر مشتمل بجٹ کی منظوری دے دی۔

بجٹ کی منظوری بورڈ کے اجلاس میں دی گئی جس کی صدارت میئر کراچی اور چیئرمین واٹر کارپوریشن بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کی۔

اجلاس میں ادارے کی مالیاتی حکمت عملی، ترقیاتی ترجیحات، آپریشنل ضروریات، ریونیو میں اضافے اور شہریوں کو پانی و سیوریج کی معیاری سہولیات کی فراہمی سے متعلق مختلف امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

منظور شدہ بجٹ کا بنیادی مقصد واٹر کارپوریشن کی مالیاتی استعداد کو مستحکم بنانا، انتظامی و آپریشنل نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنا اور شہریوں کو بہتر خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔

بورڈ کو بریفنگ دیتے ہوئے چیف فنانشل آفیسر واٹر کارپوریشن عمار علی خان نے بتایا کہ ادارے میں مالیاتی نظم و نسق کو مزید مؤثر، شفاف اور جدید بنانے کے لیے SAP نظام کو مکمل طور پر فعال کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس جدید ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے بجٹ سازی، اخراجات کی نگرانی، خریداری کے عمل، مالیاتی رپورٹنگ اور مختلف شعبہ جات کی کارکردگی کا جائزہ مربوط اور شفاف انداز میں لیا جاسکے گا۔

سی ایف او نے مزید بتایا کہ SAP دراصل Enterprise Resource Planning (ERP) یعنی ’’ادارہ جاتی وسائل کی منصوبہ بندی کا نظام‘‘ ہے جو دنیا بھر میں بڑے اداروں کے مالیاتی اور انتظامی امور کو مؤثر انداز میں چلانے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس نظام کے نفاذ سے مالیاتی معاملات میں شفافیت، احتساب اور کارکردگی میں اضافہ ہوگا جب کہ دستی نظام پر انحصار کم ہونے سے ادارہ جاتی امور مزید تیز رفتار اور مؤثر بن سکیں گے۔

اس دوران بورڈ کو آگاہ کیا گیا کہ SAP پلیٹ فارم کے ذریعے مالیاتی معلومات بروقت دستیاب ہوں گی جس سے وسائل کے بہتر استعمال، درست منصوبہ بندی اور فیصلہ سازی کے عمل میں نمایاں بہتری آئے گی۔

یہ نظام ادارے کے مختلف شعبوں کے درمیان رابطے کو بھی مضبوط بنائے گا اور مالیاتی نظم و ضبط کو فروغ دے گا۔

اجلاس میں سی ایف او نے مزید بتایا کہ منظور شدہ بجٹ میں پانی کی فراہمی کے نظام کی بہتری، اہم تنصیبات کی مرمت و دیکھ بھال، سیوریج انفراسٹرکچر کی بحالی، نکاسی آب کے نظام کو مضبوط بنانے، توانائی کے اخراجات کے مؤثر انتظام، ادارے کی استعداد کار میں اضافے اور صارفین کو بہتر خدمات کی فراہمی کے لیے خصوصی وسائل مختص کیے گئے ہیں۔

بورڈ آف ڈائریکٹرز نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ واٹر کارپوریشن شہر کے عوام کو پانی کی فراہمی اور سیوریج خدمات میں بہتری کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گی اور جدید انتظامی و مالیاتی اصلاحات کے ذریعے ادارے کو مزید مستحکم، فعال اور جوابدہ بنایا جائے گا۔

اجلاس کے اختتام پر بورڈ نے مالیاتی نظم و ضبط، شفافیت اور ادارہ جاتی اصلاحات کے فروغ کے لیے انتظامیہ اور خاص طور پر سی ای او احمد علی صدیقی اور سی ایف او عمار علی خان کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ منظور شدہ بجٹ اور جدید ERP/SAP نظام کے نفاذ سے ادارے کی مجموعی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئے گی اور شہریوں کو بہتر خدمات کی فراہمی کے اہداف مؤثر انداز میں حاصل کیے جاسکیں گے۔

متعلقہ خبریں