کراچی میٹرک بورڈ نے جماعت دہم جنرل گروپ (ریگولر و پرائیویٹ) کے نتائج کا اعلان کرتے ہوئے سندھ میں سب سے پہلے نتیجہ جاری کر دیا۔ چیئرمین پروفیسر مشرف علی راجپوت کے مطابق نتائج میں شفافیت کو اولین ترجیح دی گئی ہے۔
نتائج میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے جنرل گروپ کی تینوں پوزیشنز طالبات نے اپنے نام کر لیں، جس نے تعلیمی حلقوں میں سب کو حیران کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق طوبیٰ فاطمہ نے 90.27 فیصد نمبروں کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی، آمنہ اسد 87.82 فیصد کے ساتھ دوسری جبکہ صفیہ منور 87.73 فیصد نمبروں کے ساتھ تیسری پوزیشن پر رہیں۔
بورڈ کے مطابق جنرل گروپ میں 15,446 امیدواروں نے رجسٹریشن کروائی تھی جن میں سے 14,749 نے امتحان دیا جبکہ 697 امیدوار غیر حاضر رہے۔
چیئرمین بورڈ کا کہنا ہے کہ اساتذہ اور بورڈ ملازمین کی محنت سے نتائج بروقت جاری کیے گئے اور طلبہ و طالبات کے مفاد میں جلد اعلان کو یقینی بنایا گیا۔



















