لاہور کے علاقے کاہنہ میں ایک رہائشی مکان میں قائم ٹیوشن سینٹر کی چھت گرنے کا دل دہلا دینے والا سانحہ پیش آیا جس میں 14 معصوم بچے جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے۔
واقعے کے بعد ملک بھر میں افسوس اور سوگ کی فضا ہے جبکہ اعلیٰ سیاسی و حکومتی قیادت نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق بچوں کے لیے دعائے مغفرت، زخمیوں کی جلد صحت یابی اور متاثرہ خاندانوں کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی ہے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کاہنہ میں پیش آنے والے اس افسوسناک واقعے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق بچوں کی بلندیٔ درجات کی دعا، لواحقین سے دلی تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ زخمیوں کو ہر ممکن اور بہترین طبی سہولتیں فراہم کی جائیں۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ معصوم بچوں کی قیمتی جانوں کا ضیاع پوری قوم کے لیے انتہائی افسوسناک ہے اور ایسے سانحات کی روک تھام کے لیے مؤثر حفاظتی اقدامات ناگزیر ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اس واقعے کو ناقابلِ تلافی سانحہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ بطور ماں وہ والدین کے دکھ اور اذیت کو بخوبی محسوس کر سکتی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اطلاع ملتے ہی امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں اور ریسکیو اہلکاروں نے ملبے سے 20 بچوں کو بحفاظت نکالا۔ وزیراعلیٰ نے واقعے کی مکمل، شفاف اور غیرجانبدارانہ تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے واضح کیا کہ غفلت یا کوتاہی کے مرتکب افراد کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے صوبے بھر میں تعلیمی اداروں کی عمارتوں کے حفاظتی معیار کا جامع جائزہ لینے اور مستقبل میں ایسے حادثات کی روک تھام کے لیے مؤثر حکمتِ عملی مرتب کرنے کی بھی ہدایت جاری کی۔
وزیرِ تعلیم رانا سکندر حیات نے وضاحت کی کہ یہ واقعہ کسی رجسٹرڈ اسکول یا باقاعدہ اکیڈمی میں نہیں بلکہ ایک رہائشی گھر میں قائم ٹیوشن سینٹر میں پیش آیا جہاں ایک خاتون اپنے محلے کے بچوں کو تعلیم دے رہی تھیں۔
انہوں نے معصوم جانوں کے ضیاع کو ناقابلِ تلافی نقصان قرار دیتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت اور زخمی بچوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سانحے پر شدید رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ جاں بحق بچوں کے والدین کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور امدادی ٹیموں و متعلقہ افراد سے اپیل کی کہ ریسکیو کارروائیوں میں اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں۔
صوبائی وزیر توانائی و کھیل ملک فیصل ایوب کھوکھر نے واقعے کو انتہائی المناک قرار دیتے ہوئے ذمہ داروں کے تعین، شفاف تحقیقات اور زخمی بچوں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت پر زور دیا، اور کہا کہ معصوم بچوں کی جانوں سے کھیلنے والوں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔
وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے بھی سانحے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کاہنہ کا یہ حادثہ پوری قوم کے لیے سوگ کا باعث ہے۔ انہوں نے جاں بحق بچوں کے لیے دعائے مغفرت، لواحقین کے لیے صبر اور زخمیوں کی جلد و مکمل صحت یابی کی دعا کی۔
گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے بھی واقعے کو انتہائی افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ بوسیدہ اور غیر محفوظ عمارتوں میں تعلیمی سرگرمیوں کا انعقاد بچوں کی جانوں کو خطرے میں ڈالنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے ذمہ داروں کے تعین، زخمیوں کو بہترین طبی امداد کی فراہمی اور مستقبل میں ایسے واقعات کی مؤثر روک تھام پر زور دیا۔
