Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

کراچی میں ایک بار پھر کوکین کوئین پنکی کا نیٹ ورک فعال ہونا شروع ہوگیا

کراچی کے کسی بھی حصے میں 40 سے 50 منٹ میں پنکی کی کوکین ڈیلور ہونے کا انکشاف ہوا ہے

کراچی میں ایک بار پھر کوکین کوئین پنکی کا نیٹ ورک فعال ہونا شروع ہوگیا ہے، شہر کے کسی بھی حصے میں 40 سے 50 منٹ میں پنکی کی کوکین ڈیلور ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

ذرائع کے مطابق ماضی میں “پنکی” کے نام سے منسوب نیٹ ورک اب نئے موبائل نمبروں کے ذریعے مبینہ طور پر اپنے پرانے گاہکوں سے رابطہ کر رہا ہے۔ پرانے نمبرز بند ہونے کے بعد مبینہ طور پر نئے نمبروں سے صارفین کو پیغامات موصول ہونا شروع ہوگئے ہیں جن میں کوکین کی فراہمی اور مختلف پیکجز کی پیشکش کی جا رہی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مبینہ طور پر گولڈن کوکین 25 ہزار روپے جبکہ سلور کوکین 15 ہزار روپے میں فروخت کرنے کی پیشکش کی جا رہی ہے جبکہ گولڈن کوکین کے چار پیکٹ خریدنے پر ایک اضافی پیکٹ مفت دینے کی آفر دی جارہی ہے۔

ذرائع کے مطابق مبینہ خریداروں کو آرڈر اور ڈلیوری کے لیے دو نئے موبائل نمبرز فراہم کیے گئے ہیں جبکہ ادائیگی صرف آن لائن منتقل کرنے کی ہدایت کی جا رہی ہے اور رقم “رمشاء” نامی خاتون کے اکاؤنٹ میں وصول کی جارہی ہے۔

اس معاملے سے منسوب ایک مبینہ آڈیو پیغام بھی سامنے آیا ہے جس میں آن لائن ادائیگی پر زور دیتے ہوئے دعویٰ کیا گیا ہے کہ رقم موصول ہونے کے بعد مطلوبہ مقام پر منشیات پہنچا دی جائیں گی۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ کراچی کے ضلع جنوبی کے مختلف علاقوں، جن میں درخشاں، گزری، ڈیفنس، بوٹ بیسن، کلفٹن اور ساحل تھانے کی حدود شامل ہیں،؎ وہاں مبینہ طور پر 15 سے 20 منٹ کے اندر منشیات کی فراہمی کا دعویٰ کیا جا رہا ہے جبکہ شہر کے دیگر علاقوں میں 40 سے 50 منٹ میں ڈلیوری کی پیشکش کی جا رہی ہے۔

دوسری جانب پولیس کا مؤقف ہے کہ شہر میں منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں مسلسل جاری ہیں تاہم تمام کارروائیوں کے برعکس ایک بار پھر پنکی نیٹ ورک فعال ہونا پولیس کی کاررکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔

متعلقہ خبریں