Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

بھارت پاکستان کے خلاف افغان سرزمین سے دہشتگرد گروہوں کی سرپرستی کرتا رہا ہے، دفتر خارجہ

پاکستان نے بھارتی وزارت خارجہ کے 29 جون کے بیان کو مسترد کر دیا

اسلام آباد: پاکستان نے بھارتی وزارت خارجہ کے 29 جون کے بیان کو مسترد کر دیا اور کہا کہ بھارت پاکستان کے خلاف افغان سرزمین سے سرگرم دہشت گرد گروہوں کی معاونت اور سرپرستی کرتا رہا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے بھارتی وزارت خارجہ کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان افغانستان میں دہشت گردوں کے انفرااسٹرکچر کے خلاف اپنے جائز، ٹارگٹڈ اور متناسب اقدامات سے متعلق بھارتی وزارت خارجہ کے بے بنیاد بیان کو مسترد کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ مضحکہ خیز بیان ایسے ملک کی جانب سے آیا ہے جو تاریخی طور پر اپنے ہمسایہ ممالک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت میں مداخلت اور اسے نقصان پہنچاتا رہا ہے، بھارت کا طرز عمل اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی ہے۔

طاہر اندرابی نے کہا کہ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں کشمیریوں کے حق خود ارادیت کو بھی دبا رہا ہے اور متعلقہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی کا مرتکب ہو رہا ہے۔

انکا کہنا تھا کہ بھارت متعلقہ اقوام متحدہ سلامتی کونسل پابندیوں کے نظام کی خلاف ورزی اور مسلسل علاقائی امن میں رکاوٹ ڈالنے والے کردار ادا کر رہا ہے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان کے خلاف بھارت کے بے بنیاد الزامات اور اشتعال انگیز بیانات کو قبول نہیں کیا جانا چاہیے، پاکستان اپنے شہریوں کی سلامتی اور تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے بین الاقوامی قانون کے مطابق تمام مناسب اقدامات کرتا رہا ہے اور آئندہ بھی کرتا رہے گا۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version