وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے کراچی میں اسٹریٹ کرائم کے خلاف شاہین فورس کی کامیاب کارروائی پر ڈی آئی جی ویسٹ اور ایس ایس پی سینٹرل کو شاباش دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں اسٹریٹ کرائم کے خلاف پولیس کی مؤثر کارروائی کے دوران شاہین فورس کے مقابلے میں دو ڈاکو ہلاک ہو گئے۔
وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی اور قانون کی عملداری ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ڈی آئی جی ویسٹ اور ایس ایس پی سینٹرل کی قیادت میں پولیس کی بروقت کارروائی قابلِ تحسین ہے جبکہ شاہین فورس نے پیشہ ورانہ مہارت اور بہادری کا شاندار مظاہرہ کیا۔
وزیر داخلہ سندھ کے مطابق عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت سندھ کی اولین ترجیح ہے اور جرائم پیشہ عناصر کے لیے کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کو جرائم سے پاک بنانے کے لیے سندھ پولیس کی ہر ممکن حوصلہ افزائی جاری رہے گی۔
ایک اور واقعے میں وزیر داخلہ سندھ نے ڈی آئی جی ایسٹ اور ایس ایس پی ملیر کو شاہ لطیف ٹاؤن میں کامیاب کارروائی پر بھی شاباش دی، جہاں پولیس نے متعدد مقدمات میں مطلوب ایک ملزم کو ہلاک کیا۔
وزیر داخلہ نے ہدایت کی کہ فرار ہونے والے ملزم کی جلد گرفتاری یقینی بنائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ میں امن و امان کے قیام کے لیے پولیس کے حوصلے بلند رکھے جائیں گے اور جرائم پیشہ عناصر کے لیے کوئی جگہ نہیں ہوگی۔
وزیر داخلہ سندھ نے کارروائی میں حصہ لینے والی پولیس ٹیم کے جذبے، بہادری اور پیشہ ورانہ کارکردگی کو بھی سراہا۔
