راولپنڈی: مسلح افواج کے سربراہان سمیت اعلیٰ عسکری قیادت نے کارگل جنگ کے ہیرو کیپٹن کرنل شیر خان شہید کو ان کے 27ویں یومِ شہادت پر شاندار خراجِ عقیدت پیش کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل، نیول چیف اور ایئر چیف نے کیپٹن کرنل شیر خان شہید کو ان کی بے مثال قربانی اور بہادری پر خراجِ تحسین پیش کیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ کیپٹن کرنل شیر خان شہید نے کارگل جنگ کے دوران غیر معمولی جرات اور غیر متزلزل عزم کا مظاہرہ کیا اور انتہائی مشکل حالات میں مادرِ وطن کے دفاع کے لیے لازوال قربانی دی۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ کیپٹن کرنل شیر خان شہید نے اگلی صفوں میں رہ کر دشمن کا مقابلہ کیا اور پاک فوج کی اعلیٰ روایات کے مطابق جامِ شہادت نوش کیا۔ ان کی قربانی بہادری، عزم اور حب الوطنی کی روشن مثال ہے۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ کرنل شیر خان شہید کی میراث ہمیشہ زندہ رہے گی اور وہ آج بھی قوم کے لیے جرات اور وطن سے محبت کی علامت ہیں۔
مسلح افواج نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہید کے نظریات اور قربانی کے مقصد کی ہمیشہ حفاظت کی جائے گی۔
دوسری جانب وزیراعظم نے بھی کیپٹن کرنل شیر خان شہید کے 27ویں یومِ شہادت پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔
وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ ان کی بہادری عسکری تاریخ کا ایک درخشاں باب ہے اور یہ قربانی وطن سے وفاداری کی اعلیٰ مثال ہے۔ وطن عزیز کا دفاع ایک مقدس فریضہ ہے اور قوم اپنی افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔
