Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

فیصلہ گولی سے نہیں ووٹ سے ہونا چاہیے، سندھ میں خون بہانے کی بات افسوسناک ہے، طلال چوہدری

حیرت ہے کہ اتنی بڑی حکومتی نمائندگی کے باوجود پیپلز پارٹی بعض معاملات سے لاتعلقی کا اظہار کیسے کرسکتی ہے

وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ سندھ کی گلیوں میں خون بہانے کی بات سن کر افسوس ہوا، سیاسی اور آئینی فیصلے گولی سے نہیں بلکہ ووٹ کے ذریعے ہونے چاہئیں۔ بلاول بھٹو زرداری انتظامی یونٹس کے معاملے پر سیاست کررہے ہیں، حالانکہ بہتر طرز حکمرانی کے لیے آئین میں وقت اور حالات کے مطابق ترامیم ہوتی رہی ہیں۔

طلال چوہدری نے بلاول بھٹو کے بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ وہ جمہوریت کے بڑے چیمپئن بنتے ہیں اور طویل تقاریر کرتے ہیں، لیکن قومی اسمبلی میں کی گئی ان کی تقریر بھی سب کو یاد ہے۔ حیرت ہے کہ اتنی بڑی حکومتی نمائندگی کے باوجود پیپلز پارٹی بعض معاملات سے لاتعلقی کا اظہار کیسے کرسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تین صوبوں میں پیپلز پارٹی کی حکومت ہے، صدر پاکستان بھی پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین کے والد ہیں، گلگت بلتستان میں بھی اسی جماعت کی حکومت ہے جبکہ چیئرمین سینیٹ کا تعلق بھی پیپلز پارٹی سے ہے۔ اس طرح ملک میں تقریباً 70 فیصد حکمرانی پیپلز پارٹی کے پاس ہے، اس لیے اسے اپنی ذمہ داریوں سے پہلو تہی نہیں کرنی چاہیے۔

وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ انتظامی یونٹس بنانے کا مقصد ان علاقوں میں گورننس بہتر بنانا ہے جہاں امن و امان کی صورتحال خراب، کرپشن زیادہ اور بنیادی سہولتیں دستیاب نہیں۔ یہ تمام عوامل ناقص طرز حکمرانی کی نشانیاں ہیں، تاہم انتظامی یونٹس کے معاملے کو بھی سیاسی رنگ دیا جارہا ہے۔

طلال چوہدری نے بلاول بھٹو سے سوال کیا کہ وہ واضح کریں کہ ایڈمنسٹریٹو یونٹس سے ان کی مراد کیا ہے؟ کیا ان کے مؤقف کا مطلب یہ ہے کہ جن صوبوں میں گورننس بہتر ہے انہیں توڑ دیا جائے؟

انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں بھی ایک مرتبہ پھر تاخیری حربے استعمال کیے گئے ہیں۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version