اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ وطنِ عزیز کا دفاع ایک مقدس فریضہ ہے، ہم اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
وزیراعظم پاکستان نے کارگل معرکے (1999) کے ہیرو کیپٹن کرنل شیر خان شہید نشانِ حیدر کے 27 ویں یومِ شہادت پر انہیں زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی عظیم قربانی اور بے مثال شجاعت کو سراہا۔
انہوں ںے کہا کہ کیپٹن کرنل شیر خان شہید کی انتہائی ناموافق حالات میں غیر معمولی بہادری اور لازوال قربانی، پاکستان کی عسکری تاریخ کا ایک درخشاں باب ہے جو مادرِ وطن سے وفاداری اور شجاعت کی اعلیٰ ترین روایات کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ وطنِ عزیز کا دفاع ایک مقدس فریضہ ہے اور ارضِ پاک کے بیٹوں کی دی گئی عظیم قربانیاں ہی آج ہمارے امن اور خود مختاری کی ضامن ہیں۔
انکا کہنا تھا کہ حکومت اور پاکستان کے عوام کے اس پختہ عزم کا اعادہ کیا کہ ملک کو درپیش کسی بھی بیرونی یا اندرونی خطرے کے خلاف وہ اپنی مسلح افواج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ کیپٹن کرنل شیر خان شہید کی یہ عظیم قربانی ہمیں یاد دلاتی ہے کہ ہماری آزادی اور خود مختاری ہمارے شہداء کے مقدس خون کی مرہونِ منت ہے۔
