Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

وزیردفاع نے مولانا فضل الرحمان کے بیان کو شہداء کی قربانی کی توہین قرار دے دیا

فوجی جوانوں کی وطن کے لیے قربانی کو ان کی تنخواہ سے جوڑنا نہ صرف غیرمنصفانہ ہے بلکہ شہداء اور ان کے خاندانوں کی دل آزاری ہے،خواجہ آصف

وزیردفاع خواجہ آصف کی مولانا فضل الرحمان کےغیر ذمہ دارانہ بیان پر سخت تنقید کرتے ہوئے اسے شہداء کی قربانی کی توہین  قرار دے دیا۔

وزیردفاع خواجہ آصف نے سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ایکس پر پیغام میں کہا کہ مولانا فضل الرحمان ایک کہنہ مشق سیاست دان اور ممتازمذہبی رہنما ہیں، ان سے الفاظ کے انتخاب میں زیادہ ذمہ داری کی توقع کی جاتی ہے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ فوجی جوانوں کی وطن کے لیے قربانی کو ان کی تنخواہ سے جوڑنا نہ صرف غیرمنصفانہ ہے بلکہ شہداء اور ان کے خاندانوں کی دل آزاری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کوئی شخص محض تنخواہ کے لیے اپنی قیمتی جان کی قربانی  نہیں دیتا، جان کی قربانی کے پیچھے کسی نظریے،عقیدے، فرض اور وطن سے گہری وابستگی ہوتی ہے آپ حالات و واقعات یا طریقہ کار سے اختلاف کر سکتے ہیں، مگر اس نظریے، وابستگی، محبت اور قربانی کی توہین نہیں کر سکتے۔

وزیردفاع نے کہاکہ  دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری ہے اور پاک فوج سمیت دیگر اداروں کے جوان اور شہری شہادتیں دے رہے ہیں، ان کی قربانی کو تنخواہ کا نتیجہ قرار دینا سیاسی تنقید نہیں بلکہ اخلاقی بے حسی ہے۔

خواجہ آصف نے مزید کہا کہ مولانا صاحب نے صرف ایک ادارے کو نہیں، ہزاروں شہداء، غازیوں، بیواؤں اور یتیموں کے جذبات کو مجروح کیا ہے۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version