حکومت نے موٹر سائیکل، رکشہ اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے لیے پٹرول سبسڈی حاصل کرنے کا طریقہ کار جاری کردیا ہے۔
سبسڈی کے لیے رجسٹریشن کی خاطر شہریوں کو 9771 پر ایس ایم ایس بھیجنا ہوگا، جس کی فیس ایک روپے 40 پیسے مقرر کی گئی ہے۔
رجسٹریشن کے لیے موبائل سے پہلے REG لکھیں، اس کے بعد شناختی کارڈ نمبر، گاڑی کا رجسٹریشن نمبر، صوبے کے نام کے پہلے حرف کا کوڈ اور آخر میں گاڑی کی رجسٹریشن کی تاریخ DDMMYYYY کی صورت میں درج کرکے 9771 پر بھیجنا ہوگا۔
گاڑی کا رجسٹریشن ریکارڈ متعلقہ صوبائی ریکارڈ میں تصدیق شدہ ہونا لازمی ہے۔ ایس ایم ایس بھیجنے کے بعد رجسٹریشن کی تصدیق کا جواب موصول ہوگا۔
رجسٹریشن مکمل ہونے کے بعد سبسڈی کے تحت پٹرول حاصل کرنے کے لیے پٹرول پمپ جانے سے پہلے دوبارہ 9771 پر TOK لکھ کر ایس ایم ایس کرنا ہوگا، جس کے جواب میں ٹوکن نمبر موصول ہوگا۔
حکومت کے مطابق ٹوکن کے ذریعے گاڑی کے رجسٹریشن نمبر، متعلقہ پٹرول پمپ اور مقررہ مقدار کی تصدیق کی جائے گی۔ ٹوکن دکھانے کے بعد ہی شہریوں کو پٹرول سبسڈائزڈ قیمت پر فراہم کیا جائے گا۔
















