آذربائیجان ٹورازم بورڈ نے پاکستان میں سیاحت کے فروغ اور دونوں ممالک کی ٹریول انڈسٹری کے درمیان روابط مضبوط بنانے کے لیے خصوصی روڈ شوز کا سلسلہ شروع کردیا۔
آذربائیجان ٹورازم بورڈ اور مقامی سیاحتی شعبے کے 3 شراکت داروں، جن میں آذربائیجان ایئرلائنز (AZAL) بھی شامل ہے، کی جانب سے منعقدہ روڈ شوز لاہور، کراچی اور اسلام آباد میں ہوں گے۔
روڈ شو کا پہلا پروگرام 15 ستمبر کو لاہور، دوسرا 17 ستمبر کو کراچی جبکہ تیسرا 19 ستمبر کو اسلام آباد میں منعقد کیا جائے گا، جس میں پاکستان کی سیاحت سے وابستہ تقریباً 200 نمائندے شرکت کریں گے۔
روڈ شوز کا مقصد پاکستان کی ٹریول انڈسٹری کے ساتھ روابط کو مزید مضبوط بنانا اور آذربائیجان کے سیاحتی امکانات کو پاکستانی مارکیٹ کے سامنے اجاگر کرنا ہے۔
تقاریب کے دوران شرکا کو آذربائیجان کے تاریخی اور ثقافتی ورثے، موسم سرما کی سیاحت، اسکی ریزورٹس، طبی سیاحت اور ماحول دوست سیاحت کے مواقع سے آگاہ کیا جائے گا۔
روڈ شوز میں شوشا شہر پر بھی خصوصی توجہ دی جائے گی، جسے 2026 کے لیے اقتصادی تعاون تنظیم کے سیاحتی دارالحکومت کا درجہ دیا گیا ہے۔
آذربائیجان اور پاکستان کی ٹریول انڈسٹری کے نمائندوں کے درمیان بی ٹو بی ملاقاتیں بھی ہوں گی، جن کا مقصد باہمی تعاون اور شراکت داری کے نئے مواقع تلاش کرنا اور دونوں ممالک کے درمیان سیاحتی روابط کو مزید فروغ دینا ہے۔
روڈ شوز میں پاکستانی شراکت داروں پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (PIA) اور ایئربلیو کی بھی شرکت ہوگی، جس سے دونوں ممالک کے درمیان فضائی رابطوں، تعاون اور سیاحتی صنعت کے باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔
آذربائیجان ٹورازم بورڈ کی یہ مہم پاکستان کی ٹریول انڈسٹری کو آذربائیجان میں موجود مختلف سیاحتی امکانات سے متعارف کرانے کے ساتھ دونوں ممالک کے سیاحتی شعبوں کے درمیان عملی شراکت داری کو فروغ دینے کی کوشش بھی ہے۔
