Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

کل قومی ریلی سے تحریک کا آغاز ہوگا، پیپلز پارٹی کا وقت پورا ہونے جارہا ہے؛ فاروق ستار

فاروق ستار نے کہا کہ سندھ باقی صوبوں میں بدترین گورننس میں سب سے آگے ہے۔

کراچی: پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فاروق ستار نے کہا ہے کہ کل قومی ریلی نکالی جائے گی جس کا آغاز شاہراہ پاکستان سے ہوگا۔

فاروق ستار نے کہا کہ سندھ باقی صوبوں میں بدترین گورننس میں سب سے آگے ہے، سیاسی اختیار اور انتظامی امور کی منتقلی اچھی گورننس ہے۔ 18 سال میں لوگوں کا جینا دشوار کردیا گیا جب کہ 18 سال سے عوام بااختیار بلدیاتی نظام کے لیے ترس رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں نئے انتظامی یونٹس کا قیام ناگزیر ہوچکا ہے، عوام کو بتانا ہے کہ اب نئے انتظامی یونٹس کتنے ضروری ہیں۔ اسٹیٹس کو، سیاسی جمود اور جاگیردارانہ جمہوریت کا خاتمہ کرنا ہے، پاکستان بنانے والوں کی نسلوں کو دیوار سے لگایا جا رہا ہے۔

فاروق ستار کا کہنا تھا کہ اب پورا ملک چیخ رہا ہے کہ انتظامی یونٹس بننے چاہئیے، سندھی بھائی اور بہنیں اب پیپلز پارٹی کے بہکاوے میں نہیں آئیں گے۔ سندھ کے کرپٹ حکمرانوں کی جاگیریں کرپشن کے باعث دنیا میں پھیل چکی ہیں، کرپٹ حکمرانوں کے کڑے احتساب کا وقت آن پہنچا ہے۔

ایم کیو ایم رہنما نے الزام عائد کیا کہ تھانے اور ڈی سی دفاتر تک بولی لگاکر بیچے گئے ہیں، مقامی حکومت اور اداروں کو بااختیار بنانے کے لیے سیاسی اختیار کو بھی منتقل کرنا ہوگا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ پیپلز پارٹی کا وقت پورا ہونے جارہا ہے، تمہارے مقدمات کھلنے جارہے ہیں، تمہارا حساب لاڑکانہ، سکھر، نواب شاہ، میرپور خاص اور کراچی کے انتظامی یونٹس کریں گے۔

فاروق ستار کہتے ہیں کہ 6 یونٹس بن گئے تو لاڑکانہ سے سالانہ 5 ارب ڈالر کی ایکسپورٹ ہوگی۔ پیپلز پارٹی کے حکمرانوں نے بھٹو خاندان کے شہداء کا سودا کیا، کرپشن اور بیڈ گورننس میں ان کا کوئی ثانی نہیں، ان کا وقت تمام ہوچکا۔

ان کا کہنا تھا کہ کل کی ریلی ان کے جھوٹے اقتدار کا سورج غروب کردے گی۔ تم ہمیں مارنے اور خون ریزی کی دھمکیاں دے رہے ہو، اپنی گیدڑ بھبکیاں اپنے پاس رکھو، وارننگ ہے، سب سے پنگا لینا کراچی کے مہاجروں اور عوام سے مت لینا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے پاکستان بنانے اور اردو زبان کے تقدس کے لیے قربانیاں دیں، اب نئے انتظامی یونٹس اور بااختیار بلدیاتی نظام کے لیے قربانیاں دیں گے۔ سندھ میں 6 انتظامی یونٹس بننے جا رہے ہیں اور یہ ضرور بنیں گے۔

متعلقہ خبریں