Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

جماعت اسلامی اور حکومت کے درمیان مذاکرات کا پانچواں دور؛ غیر معمولی ریلیف دینے کی یقین دہانی

لیاقت بلوچ نے کہا کہ حکومت عوامی مطالبے پر عملی اقدام کرے، وگرنہ احتجاج اور لانگ مارچ ضرور کیا جائے گا۔

لاہور: جماعت اسلامی اور حکومت کے درمیان منصورہ میں مذاکرات کا پانچواں دور ختم ہوگیا، مذاکرات میں حکومتی وفد نے سیکیورٹی تھریٹ کے باعث لانگ مارچ ملتوی کرنے کی درخواست کی۔

مذاکرات میں حکومتی وفد میں وفاقی وزیر احسن اقبال، رانا ثناء اللہ اور صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق شامل تھے جب کہ جماعت اسلامی کی جانب سے نائب امیر لیاقت بلوچ، قائم مقام سیکرٹری جنرل نذیر احمد جنجوعہ، معاون خصوصی عمیر ادریس، امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری اور سیکرٹری اطلاعات شکیل احمد ترابی شریک ہوئے۔

مذاکرات کے دوران حکومتی وفد نے سیکیورٹی تھریٹ کی وجہ سے جماعت اسلامی سے لانگ مارچ ملتوی کرنے کی درخواست کی جب کہ نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے کہا کہ لیوی کے خاتمے تک لانگ مارچ لازم ہوگا۔

حکومتی وفد کی جانب سے جلد عوامی سطح پر غیر معمولی ریلیف دینے کی یقین دہانی بھی کرائی گئی۔ حکومتی وفد نے کہا کہ آئی ایم ایف کا دباؤ ہے اور جلد وفد کی پاکستان آمد بھی متوقع ہے۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ حکومت عوامی مطالبے پر عملی اقدام کرے، وگرنہ احتجاج اور لانگ مارچ ضرور کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پروگرام کے مطابق امیر جماعت اسلامی کی قیادت میں سپر لانگ مارچ کل کراچی سے شروع ہوگا۔

متعلقہ خبریں