ایشین گیمز 2026 میں شرکت کے لیے پاکستان کی مردوں کی کرکٹ ٹیم کراچی پہنچ گئی، قومی ٹیم کا تربیتی کیمپ 21 ستمبر سے حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر میں شروع ہوگا۔
پاکستان ٹیم 21 سے 24 ستمبر تک کراچی میں تربیتی کیمپ میں حصہ لے گی، جس کے بعد قومی دستہ 24 ستمبر کی شب 11 بجے کراچی سے جاپان کے لیے روانہ ہوگا۔
ذرائع کے مطابق عثمان خان، صائم ایوب، معاذ صداقت، حسن نواز اور سفیان مقیم فرنچائز مصروفیات مکمل کرنے کے بعد کیمپ جوائن کریں گے۔ ان کی فرنچائز مصروفیات اتوار کی شب بارباڈوس کے مقامی وقت کے مطابق ختم ہوں گی۔
ایشین گیمز کے لیے پاکستان کے اسکواڈ میں تبدیلی بھی کی گئی ہے۔ بائیں انگوٹھے میں فریکچر کے باعث محمد سلمان مرزا ایونٹ سے باہر ہوگئے ہیں اور ان کی جگہ فاسٹ بولر محمد وسیم جونیئر کو اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔ محمد سلمان مرزا بحالی کے عمل سے گزر رہے ہیں اور ان کی مکمل فٹنس اکتوبر کے پہلے ہفتے میں متوقع ہے۔
تربیتی کیمپ کے شیڈول کے مطابق 21 اور 22 ستمبر کو قومی کھلاڑی صبح 10 بجے سے دوپہر ایک بجے تک تربیتی سیشنز میں حصہ لیں گے۔ 23 ستمبر کو صبح 10 بجے ٹی ٹوئنٹی پریکٹس میچ کھیلا جائے گا، جبکہ 24 ستمبر کو صبح 10 بجے سینٹر وکٹ منظرنامہ میچ سیشن ہوگا۔
ایشین گیمز کے لیے پاکستان کا 15 رکنی کرکٹ اسکواڈ بھی جاری کردیا گیا ہے، جس کی قیادت صاحبزادہ فرحان کریں گے جبکہ عبدالصمد کو نائب کپتان مقرر کیا گیا ہے۔
اسکواڈ میں ابرار احمد، احمد دانیال، عاقب جاوید، علی رضا، عرفات منہاس، حیدر علی، حسن نواز، معاذ صداقت، محمد وسیم جونیئر، سعد مسعود، صائم ایوب، سفیان مقیم اور عثمان خان شامل ہیں۔ عثمان خان وکٹ کیپر کی ذمہ داریاں انجام دیں گے۔
ٹیم کے سپورٹ اسٹاف میں مائیک ہیسن ہیڈ کوچ، ایشلے نوفکے بولنگ کوچ اور منصور امجد فیلڈنگ کوچ ہوں گے۔ محمد طاہر فزیوتھراپسٹ جبکہ عمران اللہ ٹرینر کی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔
عثمان ہاشمی کو تجزیہ کار اور ٹیم آپریشنز کوآرڈینیٹر مقرر کیا گیا ہے۔
پاکستان کا 21 رکنی دستہ 24 ستمبر کی رات 11 بجے کراچی سے جاپان کے لیے روانہ ہوگا، جہاں قومی ٹیم ایشین گیمز میں ملک کی نمائندگی کرے گی۔



















