وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات انتہائی اچھی اور تفصیلی رہی، جس میں خطے میں امن و استحکام اور جاری سفارتی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان نے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے معاملے پر ایران کو اعتماد میں لیا ہے اور واضح کیا ہے کہ یہ معاہدہ کسی ملک کے خلاف نہیں ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ایران پاکستان کا ہمسایہ ملک ہے اور خطے میں امن کا قیام وقت کی انتہائی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایرانی صدر سے ملاقات میں انہوں نے خطے میں امن کے لیے پاکستان کی کوششوں سے آگاہ کیا۔
شہباز شریف کے مطابق پاکستان کی بھرپور کوشش ہے کہ اسلام آباد معاہدے کے تحت امن کی کوششوں کو مزید تیز کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز اور بحیرہ احمر میں اشتعال انگیزی کے خاتمے کے لیے دوست ممالک کو مل کر کوششیں کرنا ہوں گی۔
وزیراعظم نے بتایا کہ ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے پاکستان کی امن کے لیے جاری کوششوں کو سراہا اور کہا کہ اسلام آباد معاہدہ آج بھی ایران کے لیے پوری طرح قابل قبول ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی عسکری اور سیاسی قیادت مل کر پہلے کی طرح خطے میں امن کے لیے کوششیں جاری رکھے گی۔
وزیراعظم کے مطابق پاک ایران تعلقات اور خطے کی صورتحال کے تناظر میں دونوں ممالک کے درمیان رابطے اور مشاورت جاری رکھنا ضروری ہے، جبکہ پاکستان خطے میں کشیدگی کے خاتمے اور امن کے قیام کے لیے اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھے گا۔

















