Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاک بحریہ کی ہنگور کلاس آبدوز سے لائیو ویپن فائرنگ کا کامیاب مظاہرہ

پاک بحریہ پاکستان کی بحری سرحدوں کے دفاع اور خطے میں امن و استحکام کے لیے پُرعزم ہے

  پاک بحریہ نے اپنی دفاعی اور جنگی صلاحیتوں کو مزید مضبوط بناتے ہوئے نئی شامل کی گئی آبدوز پی این ایس ایم ہنگور سے پہلی لائیو ویپن فائرنگ کا کامیاب مظاہرہ کیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف نے پی این ایس ایم ہنگور کی پہلی لائیو ویپن فائرنگ کا مشاہدہ کیا۔

پی این ایس ایم ہنگور نے مشق کے دوران طویل فاصلے تک مار کرنے والے اینٹی شپ کروز میزائل کو کامیابی سے فائر کیا جس نے مقررہ ہدف کو انتہائی درستگی سے نشانہ بنایا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کامیاب فائرنگ سے آبدوز کے ویپن سسٹمز اور جنگی تیاری کی توثیق ہوئی، جبکہ یہ کامیابی پاک بحریہ کی زیرِ آب جنگی صلاحیتوں میں ایک اہم سنگِ میل ہے۔

اس موقع پر نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے پی این ایس ایم ہنگور کی جنگی صلاحیت اور عملے کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔

نیول چیف نے کہا کہ زیرِ آب جنگی صلاحیتوں میں مسلسل اضافہ آپریشنل تیاری اور قابلِ اعتماد دفاعی صلاحیت کے لیے ناگزیر ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک بحریہ پاکستان کی بحری سرحدوں کے دفاع اور خطے میں امن و استحکام کے لیے پُرعزم ہے۔

متعلقہ خبریں