Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

مولانا فضل الرحمان نے حکومت کو مذاکرات میں پہل کرنے کی تجویز دے دی

حکومت اور اپوزیشن کو کسی شرط کے بغیر مذاکرات شروع کرنے چاہیے، سربراہ جے یو آئی

اسلام آباد: مولانا فضل الرحمان نے حکومتی وفد سے آج ہونے والی ملاقات میں حکومت کو مذاکرات میں پہل کرنے کی تجویز دے دی۔

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، مشیر وزیراعظم برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ اور وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے امیر جمعیت علمائے اسلام مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی جس میں حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکراتی عمل، دہشت گردی اور سیاسی صورتحال سمیت مختلف امور پر گفتگو کی گئی۔

ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے سردار ایاز صادق کو گزشتہ روز اپوزیشن لیڈر سینیٹ علامہ راجہ ناصر عباس کی سربراہی میں آنے والے وفد کے مذاکراتی عمل پر اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان نے مذاکرات کی کامیابی کی بنیادی ذمہ داری حکومت پر عائد کرتے ہوئے حکومت کو مذاکرات میں پہل کرنے کی تجویز دی۔

مولانا فضل الرحمان نے تجویز دی کہ حکومت اور اپوزیشن کو کسی شرط کے بغیر مذاکرات شروع کرنے چاہیے اور فریقین غیر مشروط طور پر مذاکرات کی میز پر بیٹھیں۔

ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ مذاکرات کو صرف سیاستدانوں تک محدود رکھا جائے تو بحث و تمحیص کے بعد حل بھی نکل سکتا ہے۔

مولانا فضل الرحمان کہتے ہیں کہ ماضی کے آپریشنز سے مسئلہ حل نہیں ہوا۔ خیبر پختونخوا اسمبلی کے پلیٹ فارم پر تمام سیاسی جماعتوں کی جانب سے دہشت گردی کے حوالے سے پالیسی بنانے کی دستاویز پر دستخط کیے جاچکے ہیں، اسے آگے بڑھایا جائے۔

ذرائع نے بتایا کہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن کو ٹکراؤ سے بچانے کے لیے وہ فریقین کی رضامندی سے اپنا کردار ادا کرسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی قوتیں آپس میں لڑیں گی تو غیر سیاسی قوتوں کو فائدہ ہوگا جب کہ ملاقات میں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے مولانا فضل الرحمان کو حکومت اور اپوزیشن کو ایک میز پر لانے کے لیے کی گئی اپنی کوششوں سے آگاہ کیا۔

سردار ایاز صادق نے کہا کہ وہ پہلے بھی کئی بار حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کرواچکے ہیں اور مذاکراتی عمل میں متوازن کردار ادا کیا ہے، اب بھی یہ کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہیں۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن دونوں کو ان سے گلہ رہتا ہے تاہم بطور ثالث ان کی کوشش ہے کہ کوئی راستہ نکالا جائے۔

متعلقہ خبریں