Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

سابق آرمی چیف جنرل عبدالوحید کاکڑ انتقال کرگئے، عسکری قیادت کا اظہارِ افسوس

آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا کہ جنرل (ر) عبدالوحید کاکڑ نے اپنے عسکری کیریئر کے دوران قابلِ قدر خدمات انجام دیں

پاکستان کے سابق آرمی چیف جنرل (ر) عبدالوحید کاکڑ انتقال کرگئے، ان کے انتقال پر عسکری قیادت اور اہم حکومتی و سیاسی شخصیات نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز اور پاک فوج کے تمام رینکس نے جنرل (ر) عبدالوحید کاکڑ کے انتقال پر تعزیت کرتے ہوئے مرحوم کی عسکری خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا کہ جنرل (ر) عبدالوحید کاکڑ نے اپنے عسکری کیریئر کے دوران قابلِ قدر خدمات انجام دیں، جبکہ ان کی قیادت اور پاک فوج کے لیے ان کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ پاک فوج نے مرحوم کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس مشکل گھڑی میں سوگوار خاندان کے غم میں برابر کی شریک ہے۔

فوج کے ترجمان ادارے کے مطابق اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے، ان کے درجات بلند کرے اور انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، جبکہ لواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی ہمت اور صبرِ جمیل عطا کرے۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف، صدر مملکت، مختلف صوبوں کے گورنرز، وزرائے اعلیٰ اور دیگر اہم حکومتی و سیاسی شخصیات نے بھی سابق آرمی چیف کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا اور سوگوار خاندان سے تعزیت کی۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version