Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

تربیلا ٹی 5 منصوبہ، شگاف پڑنے سے سرنگ میں پانی داخل، تعمیراتی کام معطل

منصوبے کی تکمیل کے لیے ستمبر 2027 کی آخری تاریخ مقرر ہے

تربیلا ڈیم کے توسیعی پن بجلی منصوبے ٹی 5 میں پہاڑی چٹان کا حصہ گرنے اور حفاظتی پشتے میں شگاف پڑنے کے باعث سرنگ نمبر 5 میں پانی داخل ہوگیا، جس کے بعد تعمیراتی سرگرمیاں معطل کرکے پاکستانی اور غیر ملکی عملے کو بحفاظت نکال لیا گیا۔ واقعے کے دوران پانی کے تیز بہاؤ میں بہہ جانے والے ایک پاکستانی کارکن کو ریسکیو کرلیا گیا، تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

تفصیلات کے مطابق تربیلا پنجم توسیعی منصوبے کی رابطہ سرنگ کی تعمیر کے دوران پیش آیا، جہاں چٹان کا کمزور حصہ گرنے سے پانی نے سرنگ اور زیر تعمیر پاور ہاؤس کے علاقے میں داخل ہونے کا راستہ بنا لیا۔ حفاظتی پشتے میں شگاف پڑنے سے پانی کی بڑی مقدار تعمیراتی مقامات تک پہنچ گئی، جس کے بعد فوری طور پر کام روک دیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر ہری پور وسیم احمد نے ریسکیو اور انتظامی ٹیموں کے ہمراہ جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور سرنگ میں پانی داخل ہونے کی تصدیق کی۔ واقعے کے بعد تمام پاکستانی اور غیر ملکی کارکنوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا، جبکہ پانی میں بہہ جانے والے ایک پاکستانی ملازم کو ریسکیو اہلکاروں نے بچالیا۔

دوسری جانب واپڈا نے سرنگ منہدم ہونے کی اطلاعات کی تردید کرتے ہوئے وضاحت کی ہے کہ رابطہ سرنگ کی کھدائی کے دوران چٹان کا کمزور حصہ گرنے سے پانی سرنگ اور پاور ہاؤس کے علاقے میں داخل ہوا تھا۔ ادارے کے مطابق انٹیک پٹ سے پانی مکمل طور پر نکال دیا گیا ہے، جبکہ زیر تعمیر پاور ہاؤس سے پانی نکالنے کا کام جاری ہے۔ تعمیراتی مقامات میں مزید پانی داخل نہیں ہورہا۔

واپڈا کا کہنا ہے کہ واقعے کے باوجود مرکزی سرنگ، پاور ہاؤس، ٹیل ریس کلورٹ اور سوئچ یارڈ کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ ادارے کے اعلیٰ حکام، منصوبے کے مشیر اور ٹھیکیدار جائے وقوعہ پر موجود ہیں اور حفاظتی اقدامات کے ساتھ تعمیراتی سرگرمیوں کی بحالی کے امکانات کا جائزہ لے رہے ہیں۔

واقعے کی اصل وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں، جس کے لیے اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔ کمیٹی اس بات کا تعین کرے گی کہ حادثہ چٹانوں کی ساختی کمزوری، تعمیراتی مراحل میں کسی تکنیکی خرابی یا دیگر عوامل کے باعث پیش آیا۔ تحقیقات مکمل ہونے اور حفاظتی انتظامات کا جائزہ لینے کے بعد تعمیراتی کام دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔

ٹی 5 منصوبہ کیا ہے اور اس کی اہمیت کتنی ہے؟

تربیلا پنجم توسیعی منصوبہ پاکستان کی آبی توانائی کی پیداواری صلاحیت بڑھانے کے اہم منصوبوں میں شامل ہے۔ اس منصوبے کے تحت 510 میگاواٹ صلاحیت کے تین پیداواری یونٹس نصب کیے جارہے ہیں، جن سے مجموعی طور پر ایک ہزار 530 میگاواٹ بجلی قومی گرڈ میں شامل ہوگی۔

منصوبے کی تکمیل سے تربیلا ڈیم کی مجموعی بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت 4 ہزار 888 میگاواٹ سے بڑھ کر 6 ہزار 418 میگاواٹ ہوجائے گی، جبکہ سالانہ اوسطاً ایک ارب 34 کروڑ 70 لاکھ یونٹ اضافی بجلی پیدا ہونے کی توقع ہے۔ اس سے ملک میں بجلی کی ضروریات پوری کرنے اور پن بجلی کی پیداوار بڑھانے میں مدد ملے گی۔

807 ملین ڈالر کا منصوبہ پہلے ہی تاخیر کا شکار

ٹی 5 منصوبے کی منظور شدہ لاگت 807 ملین ڈالر ہے، جس کی مالی معاونت عالمی بینک اور ایشیائی انفرااسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کررہے ہیں۔ عالمی بینک کی جانب سے 390 ملین ڈالر جبکہ ایشیائی انفرااسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کی جانب سے 300 ملین ڈالر فراہم کیے جارہے ہیں۔

واپڈا نے مئی 2021 میں منصوبے کے سول ورکس کا 354.6 ملین ڈالر کا ٹھیکہ چین کی پاور کنسٹرکشن کارپوریشن کو دیا تھا۔ تاہم مختلف انتظامی اور تکنیکی رکاوٹوں کے باعث منصوبہ پہلے ہی مقررہ رفتار سے آگے نہیں بڑھ سکا۔

سال 2024 میں سرنگ بند کرنے کے لیے انڈس ریور سسٹم اتھارٹی (ارسا) سے عدم اعتراض سرٹیفکیٹ (این او سی) کے حصول میں مشکلات سامنے آئی تھیں، جبکہ اگست 2025 میں بھی تعمیراتی سرگرمیاں کچھ عرصے کے لیے معطل کرنا پڑی تھیں۔

منصوبے کی تکمیل کے لیے ستمبر 2027 کی آخری تاریخ مقرر ہے، تاہم تازہ واقعے کے بعد تعمیراتی کام کی معطلی نے ایک بار پھر اس کی بروقت تکمیل کے حوالے سے سوالات کھڑے کردیے ہیں۔ اب منصوبے کی پیش رفت کا انحصار حادثے کی تحقیقات، حفاظتی اقدامات اور تعمیراتی سرگرمیوں کی بحالی پر ہوگا۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version